Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

گنڈاپور کے اغوا کا جھوٹ سامنے آگیا، عطاء تارڑ

بتایا جائے کہ علی امین نے یہ ڈرامہ کیوں کیا، وزیر اطلاعات
اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2024 10:47pm
Ata Tarar important press conference - Aaj News

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 30 گھنٹے بعد ڈرامائی واپسی پر کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے اغوا کا جھوٹ سامنے آگیا ہے۔

عطاء تارڑ نے گنڈاپور کی واپسی کے بعد جاری ایک بیان میں کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک غیرذمہ دار شخص ہیں، وہ اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، علی امین نے ریسٹ ہاؤس میں پناہ لی اور پھر فرار ہوگئے۔

وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ 24 گھنٹے سےعلی امین گنڈاپور کہاں چھپے ہوئے تھے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے پاکستان کا امن وامان تباہ کرنے کی کوشش کی، باقاعدہ مہم چلائی گئی کہ علی امین کو اغوا کیا گیا، ان کاجھوٹ سب کے سامنے آگیا ہے، بتایا جائے کہ علی امین نے یہ ڈرامہ کیوں کیا؟

گنڈاپور کسی ادارے کی حراست میں نہیں، ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے، وزیر داخلہ

انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے،ان کا جھوٹ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا، ان کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے، یہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے، جب ان کے تمام منصوبے ناکام ہوگئے تو یہ اپنے لوگوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ان کے خلاف تمام ثبوت ریکارڈ پرموجود ہیں، عمر ایوب، شاندانہ گلزار، بیرسٹر سیف اور دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے، تحریک انتشار کا مکروہ چہرہ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے، ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا، ان کا منصوبہ ناکام ہوا۔

’وزیراعلیٰ نے تسلیم کیا وہ خودساختہ روپوش تھے‘

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے تسلیم کیا وہ خودساختہ روپوش تھے، علی امین وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ’پہلے بھی علی امین گنڈا پور سات گھنٹے روپوش ہوئے تھے اور اب بھی وزیراعلیٰ نے تسلیم کیا ہے کہ وہ خودساختہ روپوش تھے جبکہ پی ٹی آئی ان کی گرفتاری کا الزام حکومت پر عائد کر رہی تھی۔‘

نجی چینل سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ’علی امین وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔‘

’کل رات اپنے ٹویٹ میں طریقہ واردات بتا دیا تھا‘

سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ڈنڈاپور اسلام آباد سے کے پی کیسا پہنچا؟ کل رات اپنے ٹویٹ میں طریقہ واردات بتا دیا تھا، تمام باتوں کی طرح میری یہ بات بھی ٹھیک نکلی، آگے جو جو کہوں گا وہ بھی سچ ہوگا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جن پی ٹی آئی عہدیداروں اور تجزیہ کاروں نے الزام لگایا، اداروں پر الزام لگانے والوں کا منہ کالا ہوا۔

انہوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ پوری قوم ٹینشن میں تھی کہ کیا ہوا، گنڈاپور نے ایک تماشہ لگایا ہوا ہے، گنڈاپور اپنی اصلاح کرلیں اس سے پہلے کہ اصلاح کا وقت نکل جائے۔

Ali Amin Gandapur

Attaullah Tarar