Aaj News

جمعرات, اکتوبر 31, 2024  
27 Rabi Al-Akhar 1446  

جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ مؤخر، نئی تاریخ کا اعلان جلد متوقع

جماعت اسلامی نے 7 اکتوبر کو غزہ ملین مارچ کا اعلان کر رکھا تھا
شائع 06 اکتوبر 2024 01:28pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

جماعت اسلامی کی جانب سے اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ مؤخر کردیا گیا تاہم اب شنگائی تعاون کانفرنس کے بعد غزہ ملین مارچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر غزہ ملین مارچ مؤخر کیا گیا ہے جس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کل میلوڈی مارکیٹ میں یکجہتی فلسطین کی عوامی تقریب سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 7 اکتوبر کو غزہ ملین مارچ کا اعلان کر رکھا تھا۔

امیر جماعت اسلامی کا کراچی میں الاقصی ملین مارچ

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کہتے ہیں اسرائیل امریکی اور مغربی ممالک کی امداد سے خونی درندہ بنا ہوا ہے، جو اب تک 45 ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے شاہراہ فیصل پر آج تاریخی الاقصی ملین مارچ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی نے شاہراہ فیصل پر اپنے تاریخی الاقصی ملین مارچ کی تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔ امیر کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ہم فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے تاریخی الاقصٰی ملین مارچ کرنے جارہے ہیں، مارچ کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔

امیر کراچی نے کہا کہ اسرائیل امریکا اور مغربی ممالک کی امداد سے خونی درندہ بنا ہوا ہے، قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے پوری مسلم امہ کو یکجا ہوکر اپنی آواز بلند کرنا ہوگی۔

منعم ظفر نے کہا کہ اقوام متحدہ، انسان اور جانوروں کے حقوق کی علمبردار تنظیمیں آج کہاں ہیں؟ ستاون مسلم ممالک کے حکمران آج اپنی عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں، آج دنیا دیکھے گی پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے آج تاریخی الاقصی ملین مارچ ہوگا، اہل غزہ کی تحریک پوری دنیا کے نوجوانوں کی تحریک بن چکی ہے، فلسطین و غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے، امریکا اور مغربی ممالک مسلمانوں کی نسل کشی کے لئے اسرائیل کو ڈالرز و ہتھیار فراہم کررہے ہیں، فلسطینی معاملے پر اقوام متحدہ کہاں ہے، ستاون مسلم ممالک نے فلسطین میں جنگ بندی کے لئے اب تک کیا اقدمات اٹھائے ہیں۔

Hafiz Naeem ur Rehman

Jamat e Islami

Gaza March