Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

ممبئی : ڈپٹی اسپیکر سمیت 4 ارکان اسمبلی احتجاجاً تیسری منزل سے کود گئے

جال میں گرنے سے محفوظ رہے، احتجاج ایک کمیونٹی کے لیے زیادہ کوٹہ منظور کرنے کے خلاف کیا گیا۔
شائع 04 اکتوبر 2024 05:03pm

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سمیت چار ارکان اسمبلی نے حکومتی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔

ممبئی میں ڈپٹی اسپیکر نرہری زروال کے ساتھ کودنے والوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک رکن بھی شامل تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان چاروں ارکان نے ڈھنگر کمیونٹی کو شیڈولڈ ٹرائبز کی کیٹیگری میں شامل کرنے کے عمل کی مخالفت کرتے ہوئے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

بلندی سے گرنے پر بھی چاروں محفوظ رہے کیونکہ وہ ایک جال میں گرے۔ یہ جال خود کشی کی کوشش کرنے والوں کی جان بچانے کے لیے 2012 میں لگایا گیا تھا۔

ڈھنگر کمیونٹی کو خانہ بدوش کمیونٹی کا درجہ حاصل ہے جس کے تحت اسے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 3 فیصد کوٹہ ملتا ہے جبکہ دیگر قبائل کی فہرست میں شامل کمیونٹیز کو ٓ7 فیصد کوٹہ ملتا ہے۔

مہاراشٹر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری زروال کا تعلق نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار گروپ سے ہے۔

بھارت میں کوٹے کے مسئلے پر کئی ریاستوں میں شدید معاشرتی اور سیاسی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بعض پس ماندہ کمیونٹیز کو بہتر زندگی بسر کرنے کے نام پر دیا جانے والا کوٹہ غلط ہاتھوں میں چلا جاتا ہے اور اس کے نتیجے میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ اس مسئلے پر کئی بار فسادات بھی ہوچکے ہیں اور اس موضوع پر کئی فلمیں بھی بنائی گئی ہیں۔

deputy speaker

MAHARASHTRA ASSEMBLY

JUMPED OFF THIRD FLOOR

PROTEST OVER QUOTA

FOUR MLAS