Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

جس طرح 7 اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے، خامنہ ای

ہر ملک کو جارحیت کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے,مسلمان ممالک کو متحد ہونا ہوگا، ایرانی سپریم لیڈر
شائع 04 اکتوبر 2024 01:53pm

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے زور دیا کہ ہر ملک کو جارحیت کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے، فلسطینی حق پر ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں، مسلمان ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

تقریباً 5 برس بعد جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ مسلمان مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے جنوری 2020 میں آخری بار نماز جمعہ کی امامت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، جس طرح 7 اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدی کریں گے، امت مسلمہ کے دشمن مشترکہ ہیں، قرآن کا درس ہے کہ مسلم اقوام متحد رہیں، ایران کا دشمن فلسطین، لبنان، عراق، مصر، شام اور یمن کا دشمن ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن میں مومنیں کے اتحاد سے مراد رحمت الہی ہے۔

Iran