Aaj News

جمعرات, اکتوبر 03, 2024  
28 Rabi ul Awal 1446  

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کرنے کا فیصلہ

جوڈیشل افسران کو ڈی آئی خان میں کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی
شائع 03 اکتوبر 2024 02:11pm

سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پشاور ہائیکورٹ نے ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی تمام عدالتوں کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، اس سلسلے میں تمام جوڈیشل افسران کو ڈی آئی خان میں کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی بہتری تک عدالتیں ڈی آئی خان میں کام کریں گی، ٹانک اور وزیرستان میں ججز پر حملے اور دہشت گردی کے واقعات کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور دیگر ججز نے متفقہ طور پر اس کی منظوری دی ہے۔

فیصلے کے مطابق ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے تمام مقدمات اب ڈیرہ اسماعیل خان میں سنے جائیں گے، متعلقہ اضلاع کے جوڈیشل افسران کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، تمام متعلقہ عدالتوں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ ججز کی تعداد بڑھا دی گئی، نوٹیفکیشن جاری

ذرائع کے مطابق ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں اس وقت امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں، سکیورٹی صورتحال حال کے مسائل جوڈیشل افسران کے امور میں پیش آ رہے ہیں، جوڈیشل افسران کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام مقدمات متعلقہ اضلاع سے ڈی آئی منتقل کردیے گئے ہیں۔

پشاورہائیکورٹ کے حکم کے مطابق جوڈیشل افسران اپنے مقدمات اب ڈی آئی خان میں سنیں گے، ان عدالتوں کی ٹانک اور جنوبی وزیرستان دوبارہ منتقلی سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے سے مشروط کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، ہائیکورٹ ججز، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے جوڈیشل افسران کے اجلاس میں کیا گیا۔

South Waziristan

Dera Ismail Khan

Peshawar High Court

Tank

courts shift