Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

گنڈاپور نے خیبرپختونخوا سے ’تربیت یافتہ دستہ‘ اور مشینری لانے کا اعلان کردیا

کسی کو نقصان پہنچانا ہمارا مقصد نہیں ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
شائع 02 اکتوبر 2024 08:04pm

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت اور اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ تصادم اور نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن حکومت ہمارا راستہ روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور سے صوبے کے چاروں ریجنز سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور دیگر پارٹی قائدین نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور4 اکتوبر کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج کے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور زیادہ سے لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے کہ ہے ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں اور ان کا نقصان ہمارا نقصان ہے، موجودہ وفاقی حکومت ہمارا راستہ روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ پر امن احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، یہ حق ہم ضرور استعمال کریں گے، عوام ان کے تمام کاموں اور اقدامات کو غلط سمجھ رہی ہے، یہ آئینی ترمیم کے نام پر پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ احتجاج میں منصوبہ بندی ناقص تھی اس لیے درمیانی راستے سے واپسی کرنا پڑی، کارکنان اور رہنماؤں کے پاس معیاری ماسک اور حفاظتی آلات نہیں تھے لیکن اس بار مخصوص اور تربیت یافتہ دستہ قافلوں سے پہلے جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مشینری قافلوں سے آگے ہوگی پچھلے بار قافلوں کے پیچھے تھی، راستہ بند کیا گیا تو ڈی چوک پہنچنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، مکمل تیاری کے ساتھ جائیں گے، 11 بجے پشاور اور 12 بجے کے بعد صوابی سے قافلے جائیں گے اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے لیے جانے والے تمام قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ خود کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائدین قافلوں میں نظم و ضبط اور طے شدہ لائحہ عمل پر عمل درآمد یقینی بنائیں، ہم پر امن انداز میں اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے، کسی کو نقصان پہنچانا ہمارا مقصد نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج میں شرکت کے لیے زیادہ سے زیادہ کارکنان اور عوام کو متحرک کرنا ہے، خیبر پختونخوا کے قافلے ایک منظم انداز میں اسلام آباد پہنچیں گے اور پارٹی قائدین کو قافلوں کی قیادت کرنا ہوگی اور انہیں قیادت کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

**

Ali Amin Gandapur