Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

میڈیا کی وجہ سے کرکٹ کا ماحول خراب ہوا ہے، افتخار احمد پھٹ پڑے

ایک اننگ پر آپ لوگ اوپر لے جاتے ہیں اور جب وہ ناکام ہوجائیں تو آپ لوگ ہی کہتے ہو کہ یہ کہاں سے لاتے ہو، کرکٹر
شائع 30 ستمبر 2024 01:43pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

پاکستانی کرکٹر افتخار احمد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں پر بری طرح برس پڑے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

افتخار احمد جارہانہ مزاج بلے باز سمجھے جاتے ہیں ساتھ ہی ان کا مزاج ان کے مداحوں کی توجہ سمیٹ لیتا ہے۔ اس بار وہ میڈیا کانفرنس کے دوران صحافیوں پر برہم ہوئے۔

افتخار احمد سے پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا کہ چیمپیئنز کپ میں آپ کس کو نئی دریافت سمجھتے ہیں؟ صحافی کے سوال پر افتخار احمد تھوڑا جذبات میں آگئے اور کہا کہ ایک اننگ پر آپ (میڈیا) والے اوپر لے جاتے ہیں اور جب وہ ناکام ہوجاتے ہیں تو آپ لوگ ہی کہتے ہو کہ یہ کہاں سے لاتے ہو، یہ تو کچھ بھی نہیں ہے، پھر آپ لوگ ہی ان کی پیٹھ پیچھے باتیں بھی کرتے ہو، آپ لوگوں کی ہم سنتے ہیں۔

افتخار احمد نے خدا کا واسطہ دیتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ پہلے کسی کو تینوں فارمیٹ میں ٹاپ کرنے دیا جائے پھر اسے پروموٹ کیا جائے۔

کھلاڑی کا مزید کہنا تھا کہ آپ اس کو اتنا اوپر لے جاتے کہ پاکستان کو انضمام مل گیا ہے، فلاں مل گیا، ڈھمکاں مل گیا، اللہ کے بندوں، میں کسی کیخلاف نہیں ہوں، میں آپ کو بتارہا ہوں کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت دو۔

افتخار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ (میڈیا) کی وجہ سے کرکٹ کا سارا ماحول خراب ہو گیا ہے، آپ کھلاڑی کو اوپر لے کر جاتے ہو اور پھر آپ لوگ ہی گرا دیتے ہو، اس کے پیچھے پڑجاتے ہو کہ وہ بلا کیسے پکڑ رہا تھا، ہر ایک کو پرفارم کرنے دیں۔

cricket

iftikhar ahmed

burst on media