Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

گنڈاپور کی لشکر کشی کی دھمکی نو مئی دہرانے کا اعلان ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں، عطا تارڑ
شائع 29 ستمبر 2024 08:40pm

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد اور پنجاب پر لشکر کشی کی دھمکی نو مئی دہرانے کا اعلان ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی نو مئی دہرانے کا اعلان ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ہے، انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی بہتری کے میدان میں مقابلہ کریں گے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، خیبرپختونخوا میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی، اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ اسپتال اور درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے، صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے، عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فی صد سے 9.6 فی صد پر کیوں آگئی ہے، گالی، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بے روزگاری، 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے فسلطینیوں کی حمایت کی اور اسرائیل کو للکارا، پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو اس پر تکلیف ہوگئی ہے۔

Ali Amin Gandapur

Attaullah Tarar