نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 170 سے زائد افراد ہلاک
نیپال میں دو دن کی شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں 170 افراد کی ہلاکت کے بعد اسکولوں کو تین دن کے لیے بند کر دیا ہے، ملک میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔ سیکڑوں لاپتا ہیں۔ سیلابی ریلوں میں بہنے والوں کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔
دارالحکومت کاٹھمنڈو کے نزدیک مٹی کے تودے گرنے سے بسوں اور مکانوں میں دب کر ہلاک ہونے والوں کو نکالا جارہا ہے۔ زخمیوں کو کاٹھمنڈو کے اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔
نیپال کے دیہی علاقوں میں بیشتر سڑکیں بند ہیں۔ پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ بارشوں اور سیلاب سے بہت سے علاقوں میں سڑکوں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
دیہی علاقوں میں ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔ کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بہت سے فصلوں کی پیداوار کھیتوں میں پڑی تھی کہ بارش نے آلیا۔
تین دن کی موسلا دھار بارشوں کے بعد آج (اتوار کو) موسم قدرے بہتر ہے تاہم مٹی کے تودے گرنے سے تین اہم شاہراہوں کے بند ہو جانے سے کاٹھمنڈو تک پہنچنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کے لوگ بہت حد تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
نیپالی پولیس اور امدادی اداروں نے بتایا ہے کہ مٹی تودے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے علاوہ سیلاب کے باعث 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 60 سے زیادہ لاپتا ہیں۔
Comments are closed on this story.