Aaj News

اتوار, ستمبر 29, 2024  
24 Rabi ul Awal 1446  

مفت میں سر کا مساج کروانے والا شخص گھر جاکر ’بولنے‘ کی صلاحیت کھو بیٹھا

تکلیف کے باعث شہری فوری طور پر اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تصدیق کی۔۔
شائع 29 ستمبر 2024 11:44am
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

مفت کا مساج شہری کیلیے ڈراؤنا خواب بن کر رہ گیا جس کے بعد وہ بولنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عجیب نوعیت کا واقعہ پیش آیا جب ایک حجام کی جانب سے سر کا مساج کرنے کے بعد ایک شخص کو سٹروک ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع بیلاری میں 30 شالہ شخص مفت میں سر کی مالش کروانے کے بعد زندگی اور موت کی کشمکش کا شکار ہوگیا۔

مذکورہ شخص کا غیر تربیت یافتہ حجام نے مساج کیا جس کے باعث اُس کی گردن میں بل پڑ گیا۔

گھر واپس آنے کے بعد شہری بولنے کی صلاحیت سے محروم ہونے لگا اور اسے اپنے بائیں جانب کمزوری محسوس ہونے لگی۔

تکلیف کے باعث کرناٹک کا رہائشی فوری طور پر علاج کیلیے اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ مساج کی وجہ سے اس کی شریان پھٹ گئی ہے جس کی وجہ سے اس کے دماغ میں خون کی روانی متاثر ہونے کے باعث سٹروک ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہری کا بلڈ تِھنرز کے ذریعے مزید خون رکنے سے بچایا گیا جس کے بعد اسے گھر واپس بھیج دیا گیا، ڈاکٹروں کے مطابق مریض کو صحتیاب ہونے میں 2 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مساج میں تیزی سے گردن کو موڑنے سے خون کی شریانیں پھٹنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے جو جان لیوا اسٹروک کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

india

massage

barber