Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

گورنر خیبرپختونخوا کا گنڈاپور کو خط، صوبائی حقوق کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس کی تجویز

مالیاتی مفادات کا حصول ترجیحات میں ہوگا، وزیر اعلیٰ گنڈاپور کے نام خط، متن دیگر جماعتوں کو بھی ارسال
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2024 09:42pm

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کے نام خط میں مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔

خط صوبے کی دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے لکھا ہے کہ وفاق سے منصفانہ وسائل کی تقسیم، صوبائی حقوق کیلئے یونائیٹڈ ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں۔ گورنر ہاؤس اس ٹاسک فورس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

خط کے متن کے مطابق آئل اینڈ گیس ایکسائز ڈیوٹی، این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر حقوق کا حصول ٹاسک فورس کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ یونائیٹڈ ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کی میزبانی پشاور میں گورنر ہاؤس کرے گا۔

یونائیٹڈ ٹاسک فورس کے ذریعے مشترکہ چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرکے وفاق کو بھجوایا جائے گا۔ خط میں گورنر نے لکھا ہے کہ گورنر کا منصب سنبھالتے ہی صوبے کی ہر سیاسی قیادت کے پاس خود گیا تھا۔

صوبے کے حقوق کے لیے مشترکہ آواز اٹھانے اور جدوجہد کرنے کے لیے یونائیٹڈ ٹاسک فورس مفید ثابت ہوگی۔

خیبر پختونخوا کے گورنر کی طرف سے خط کا متن پی ٹی آئی کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، جے یو آئی، ایم ڈبلیو ایم، ٹی ایل پی، پاکستان مسلم لیگ، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین، مزدور کسان پارٹی، جے یو آئی (س)، جماعت اسلامی، پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ( نورانی) کی قیادت کو ارسال کیا گیا ہے۔

Ali Amin Gandapur

Letter

Faisal Karim Kundi

UNITED TASK FORCE