Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بشریٰ بی بی کے خلاف درج ’تمام مقدمات‘ کی تفصیلات جاری

پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی
اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2024 12:43pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی جبکہ عدالت کو بتایا گیا کہ بشری بی بی کیخلاف ایک پولیس اسٹیشن میں جعلسازی اور فراڈ کا مقدمہ درج ہے جبکہ دوسرا مقدمہ ایف آئی اے نے توشہ خانہ ٹو کیس کا درج کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کی جانب سے اسٹیٹ کونسل کے ذریعے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے، جو 6 جون 2023 کو درج کیا گیا تھا۔

بشری بی بی کو سانحہ نو مئی کے بارہ مقدمات سے ڈسچارج کر دیا گیا

سماعت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی بھی پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی اے میں توشہ خانہ ٹو کیس ہی درج ہے۔

درخواست گزار بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عدت کیس میں بریت کے بعد نیب نے گرفتار کر لیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ جو بھی مزید کیس ہوگا اسٹیٹ کونسل بتائیں گے، جس پر اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ ایک ہی کیس تھانہ کوہسار میں پہلے کا درج ہے جسے یہاں چیلنج بھی کیا گیا ہے۔

عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی پر درخواست پولیس رپورٹ جمع ہونے پر نمٹا دی۔

imran khan

Islamabad High Court

bushra bibi

justice miangul hassan aurangzeb

cases report

Imran Khan Bushra Bibi

BUSHRA BIBI CASE