Aaj News

جمعہ, ستمبر 27, 2024  
22 Rabi ul Awal 1446  

جڑواں شہروں میں بادل برس پڑے، محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیشگوئی

کراچی میں مون سون بارشوں کا امکان ختم، اکتوبر کا مہینہ گرم رہنے کی توقع
شائع 27 ستمبر 2024 11:28am

اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں آج بھی آندھی اور جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کراچی میں مون سون کے تحت ہونے والی بارشوں کا امکان ختم ہوگیا جبکہ دیہی سندھ کے اضلاع اور بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد اور ٹیکسلہ میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ تیزہواوں کے ساتھ بارش کے باعث گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

وفاقی دارالحکومت اور مضافات میں موسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جبکہ بعض علاقوں میں درخت گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

جڑواں شہروں میں اب تک 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی، دوسری طرف ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے واسا سمیت دیگر ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں کل سے ہونے والی بارش کی تفصیلات بتادیں

شدید بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، پانی کے ذخائر کی سطح 1752 فٹ تک پہنچے پر اسپل ویز ایک بار پھر کھول دیے گئے۔

طوفانی بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبے علاقے بھی زیر آب آ گئے جبکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بالائی خیبرپختونحوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے دیگرعلاقوں میں آج موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں مون سون کا اختتام، اکتوبر کا مہینہ گرم رہنے کی توقع

کراچی میں مون سون کے تحت ہونے والی بارشوں کا امکان ختم ہوگیا جبکہ دیہی سندھ کے اضلاع اور بلوچستان میں بھی بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دنوں مغربی ہواؤں کے سبب شہر میں حدت محسوس کی گئی تاہم آئندہ چند روز کے دوران شہر کا موسم قدرے تیز ہواوں کے سبب بہتر رہنے کی توقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اکتوبر کا مہینہ گرم رہنے کی توقع ہے اور ہرسال اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے۔

کراچی میں نومبر کے وسط سے خنک موسم کا آغاز ہوگا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج

ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، بونیر میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ڈی آئی خان، مالاکنڈ، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہستان، اورکزئی اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ، اربن فلڈنگ کا خطرہ

بارش کے باعث مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

اس لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 26 ستمبر سے یکم اکتوبر 2024 تک پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں 26 ستمبر سے 28 ستمبر 2024 تک وقفے وقفے بارشیں متوقع ہیں۔

rawalpindi

اسلام آباد

Met Office

rainy weather

Rain prediction

moon soon rain

HEAVY RAINS EXPECTED