Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جاوید بٹ قتل کیس: ایک اور سہولت کار گرفتار

آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے شوٹرز سمیت گرفتار ملزمان انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردئیے
شائع 26 ستمبر 2024 05:40pm

لاہور میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل میں ملوث ایک اور سہولت کار عامرحفیظ کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے گرفتار کرلیا ۔

آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے مطابق کرائم یونٹ نےگرفتار شوٹرز کے انکشاف پر عامر حفیظ کو گرفتار کیا۔ سہولت کار عامرحفیظ امیر معصب کے قریبی دوستوں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ تھانہ اچھرہ کے علاقے مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب 2 ستمبر کو کار پر فائرنگ کرکے امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کیا گیا تھا، اس کے بعد مقدمے میں قیصر بٹ کو نامزد کیا گیا تھا۔

لیکن اب جاوید بٹ قتل کیس میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے مطابق قتل کے بعد شوٹرز نے رکشہ اور موٹرسائیکل مئیو اسپتال میں کھڑا کیا تھا، عامر حفیظ نے پارکنگ سے موٹرسائیکل اور رکشہ غائب کیا جس کے بعد پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ اور موٹرسائیکل عامر حفیظ سے برآمد کی۔

آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے شوٹرز سمیت گرفتار ملزمان کو انوسٹی گیشن ونگ کےحوالےکردئیے، ”پینل آف آفیسرز“ اس کیس کی اب تفتیش کریں گے۔

واضح رہے کہ طیفی بٹ قتل کیس میں پولیس حکام نے ماہر کھوجیوں پر مشتمل ”پینل آف آفیسرز“ قائم کیا تھا ، جس میں دو ایس پیز اور دو ڈی ایس پیز کو شامل کیا گیا ہے۔”پینل آف آفیسرز“ کی تشکیل کی منظوری ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے دی تھی۔

lahore

lahore police