Aaj News

جمعہ, نومبر 01, 2024  
28 Rabi Al-Akhar 1446  

کورنگی میں ڈاکوؤں سے مقابلے اور لوٹی رقم کی ساری کہانی سامنے آگئی

ڈکیتی مزاحمت پر باپ کی ہلاکت اور بیٹے کے زخمی ہونے کے واقعے پر 2 مقدمات درج
شائع 26 ستمبر 2024 03:30pm

کراچی کے علاقے گورنگی میں فائرنگ سے باپ کی ہلاکت اور بیٹے کے زخمی ہونے کے واقعے پر دو مقدمات درج کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے باپ کی ہلاکت اور بیٹے کے زخمی ہونے کے معاملے پر کورنگی صنعتی ایریا تھانہ میں 2 مقدمات درج کرلیے۔

واقعے کا پہلا مقدمہ مقتول عبدالمالک کے زخمی بیٹے کی مدعیت میں درج کرلیا، مقدمے میں قتل اور لوٹ مار سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

زخمی نوجوان کاشف نے بتایا کہ نجی بینک سے 10 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، مذکورہ رقم کمپنی کے ورکرز کی تنخواہ کی تھی، پونے ایک بجے ہم کمپنی کے گیٹ کے قریب پہنچے، ملزمان نے اسلحے کی زور پر والد سے کیش چھینتے ہوئے فائرنگ کی، فائرنگ سے والد زخمی ہوکر گر پڑے، میں نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے جوابی فائرنگ کی، میری فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا، ملزمان ہم پر فائرنگ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ مجھے بھی دائیں ٹانگ پر گولی لگی، میرے والد کو سینے پر دو گولیاں لگی جسے سے وہ فوت ہوگئے۔

دوسرا مقدمہ اے ایس آئی گھنور بروہی کی مدعیت میں درج کیا گیا، پولیس کے مطابق دوسرا مقدمہ زخمی ملزم کی اسلحہ سمیت گرفتاری کا ہے۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ میں سرکاری کار میں گشت پر مامور تھا، کورنگی کاز وے پر دیکھا کہ دو موٹر سائیکل پر تین افراد جارہے ہیں، ایک موٹر سائیکل پر سوار دو میں سے ایک شخص زخمی تھا، ہم نے موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کو پکڑنے کی کوشش کی، ایک موٹر سائیکل سوار شخص ندی کے راستے فرار ہوگیا، دوسری موٹر سائیکل پر سوار ایک ملزم اپنے زخمی ساتھی کو چھوڑ کر جھاڑیوں میں فرار ہوا۔

متن میں کہا گیا کہ گری ہوئے موٹر سائیکل سمیت زخمی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا،زخمی ملزم نے اپنا نام امتیاز احمد بتایا جس سے پستول برآمد ہوا، ملزم سے دو موبائل فون اور 5500 روپے بھی برآمد ہوئے، پلاسٹک کی تھیلی میں پانچ سو والے نوٹوں کی دو گڈیاں، ہزار والے نوٹوں کی دو گڈیاں اور 1000 و 500 والے نوٹوں کی ایک گڈی برآمد ہوئی، تھیلی سے کل 6 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد ہوئے۔

مقدمہ متن میں یہ بھی کہا گیا کہ زخمی ملزم نے اپنے ایک ساتھی کا نام مطر شاہ بتایا، ملزم نے بتایا کہ وہ شہری سے لوٹ مار کی دوران فائرنگ سے زخمی ہوا ہے، بعد میں زخمی ملزم دوران علاج ہلاک ہوگیا، ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

firing

karachi

Robbery