Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

مالی سال 2024 میں کتنی مالیت کے موبائل فونز درآمدات کیے گئے، تفصیلات جاری

پاکستان بیورو برائے شماریات نے موبائل فونز کی درآمدات اور ٹیلی کام کے مجموعی درآمدی حجم کی تفصیلات شیئر کردیں
شائع 26 ستمبر 2024 01:03pm

موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 7.058 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 8.314 ملین ڈالرز تھی۔

اگست میں 4.38 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے، جبکہ جولائی میں موبائل فونز کا درآمدی بل 2.67 ملین ڈالر رہا۔ گزشتہ سال اگست میں موبائل فونز کی درآمدات کی مالیت 4.97 ملین ڈالر تھی۔ مالی سال 2024 میں مجموعی طور پر 65.63 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے۔

جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 393.263 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 227.26 ملین ڈالر کے مقابلے میں 73 فیصد زیادہ ہے۔

یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگرچہ موبائل فونز کی درآمدات میں کمی آئی ہے، لیکن ٹیلی کام کے مجموعی درآمدی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو کہ ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان

new mobile phone

Import Mobile Phone