Aaj News

بدھ, نومبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کیلئے آئی ایم ایف قرض مشروط کیا جائے، کینیڈین پارلیمنٹ میں پٹیشن

پٹیشن سکھ خاتون رکن پارلیمنٹ روبی سہوتا نے پاکستانی کینیڈین شہریوں کے ایما پر پیش کی
اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2024 12:55pm

کینیڈین پارلیمنٹ کی سکھ خاتون رکن روبی سھوتا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی، پاکستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فوجی افسران کے کینیڈا آنے پر پابندی سے متعلق پٹیشن پیش کردی جس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف قرض مشروط کیا جائے۔

روبی سھوتا نے کینیڈا کی قومی اسمبلی میں پیش کردہ پٹیشن کے ذریعے پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی، نئے انتخابات کا مطالبہ سمیت کینیڈا سے پاکستان پر سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھارتی نژاد کینیڈا خاتون رکن نے اپنی تقریرمیں فوج کے بارے میں بھی ہرزہ سرائی کی اور پاکستان پر آئی ایم ایف پابندیوں کا مطالبہ کیا۔ پٹیشن سکھ خاتون رکن پارلیمنٹ روبی سہوتا نے پاکستانی کینیڈین شہریوں کے ایما پر پیش کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا نے روبی سھوتا کی جانب سے پٹیشن پیش کرنے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

واضح رہے کہ روبی سھوتا کی جانب سے پٹیشن ایسے وقت پر دائر کی گئی جب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری پر غور کیا جائے گا اور قوی امکان ہے کہ پاکستان کیلئے آج قرض کی منظوری ہوجائے گی۔

اس سے قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول ایگریمنٹ 12 جولائی کو ہوا تھا لیکن اس کے بعد ایک طویل وقت گزر چکا ہے اور ائی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اب تک منظوری نہیں دی۔

علاوہ ازیں یہ پہلا موقع نہیں کہ جب کینیڈا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی رہائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور آئی ایم ایف قرض مشروط کرنے کی بات کی گئی ہو۔

اس سے قبل جولائی 2024 میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قید کیا گیا تاہم پاکستانی حکومت نے اسے ملک کا داخلی معاملہ قرار دیا تھا۔

پاکستان

IMF

canada

America

IMF PAKISTAN

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)