Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

ملیر شمسی سوسائٹی میں بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کرنے والا شوہر بری

عدالت نے ملزم کو فریقین کے درمیان صلح کے باعث رہا کردیا
شائع 23 ستمبر 2024 05:39pm

کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں مالی مسائل کے سبب بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کرنے والے شوہر کو عدالت نے بری کردیا ہے۔

نومبر 2022 میں کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کی تین بچیوں اور ان کی والدہ کی لاشیں ملی تھیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا، جبکہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس نے اپنے گلے پر چھری پھیری تھی۔

شمسی سوسائٹی قتل واقعہ، ملزم نے انویسٹرز کی تفصیلات پولیس کو فراہم کردیں

پولیس کو دئے گئے بیان کے مطابق فواد نامی شخص مالی مشکلات کا شکار تھا اور قرضے میں ڈوبا ہوا تھا، اس لئے اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا تھا۔

فواد نے زخمی حالت میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا، جس میں اس نے واقعے کی تفصیلات بتائی تھیں۔

پولیس نے مقدمے درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

اور اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے ملزم کو فریقین کے درمیان صلح کے باعث رہا کردیا ہے۔

شمسی سوسائٹی واقعہ: بیوی و بیٹیوں کا قاتل اب بول نہیں پائے گا، ڈاکٹرز

مقتولین کے ورثا کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ جمع کروایا گیا، جس پر عدالت نے ملزم فواد کو مقدمہ سے بری کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

ورثا نے ملزم سے دیت لینے سے بھی منع کردیا، ورثا میں مقتولہ سائرہ کی ماں، بہن ثروت، ملزم کی والدہ رخسانہ و دیگر شامل ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ورثا اور ملزم کے درمیان عدالت سے باہر سمجھوتہ ہوا، سرکاری وکیل نے بھی صلح نامہ کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا، اس لئے صلح نامہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے ملزم فواد کو بری کیا جاتا ہے۔

Malir Shamsi Society Murder