آئینی ترمیم کے معاملے پر علی امین گنڈاپور نے کھل کر اپنا مؤقف پیش کردیا
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آئینی ترمیم کے معاملے میں کھل کر اپنا مؤقف پیش کردیا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئینی ترمیم کو جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِنہوں نے سوچا کیسے کہ وہ اس طرح کا بل لا کر کامیاب ہو جائیں گے، ہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے پارلیمنٹ میں انہیں شکست دیں گے، پھر کسی کی جرات بھی نہیں ہوگی کہ اس طرح کا بل پیش کرسکے ۔
انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئینی ترامیم جمہوریت پر حملہ ہے، یہ جو جمہوری پارٹیاں ہیں انھوں نے سوچا کیسے ہے کہ وہ اس طرح کا بل لا کر کامیاب ہو جائیں گے، ہم انکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، پارلیمنٹ میں ان کو شکست دیں گے، پھر کسی کی جرات بھی نہیں ہوگی کہ اس طرح کا بل پیش کرسکے، اور اپنے جائز حق کے لیے کھڑے رہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت دن کے موقع پر بحیثیت مسلمان ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہم اسوہ حسنہ کی روشنی میں اپنے کردار و عمل کی اصلاح کریں گے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہرے اُصولوں کو اپنا کر ہی ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ آج کے بابرکت دن کے موقع پر بحیثیت مسلمان ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہم اسوہ حسنہ کی روشنی میں ناصرف اپنے کردار و عمل کی اصلاح کریں گے بلکہ ایک حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے بھی حسب استطاعت اپنا کردار ادا کریں گے۔
Comments are closed on this story.