Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

باجوڑ کے بعد پشاور میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا راکٹوں سے حملہ

ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے حملے کو پسپا کردیا تاہم حملہ آور فرار ہوگئے
اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2024 09:32am

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ریگی ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن کی طرف 2 راکٹ فائر کیے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی ایس پی ورسک ڈویژن مختیار علی بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا جو رات گئے تک جاری رہا۔

حملہ سے متعلق سی ٹی ڈی پولیس کو بھی مطلع کردیا گیا ہے اور رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے متہ شاہ میں بھی پولیس پوسٹ پر راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

خیبر پختونخوا

peshawar

rocket attack

attack on police

police stataion attack