Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

پنجاب میں عوام اور وکلا کیلیے خوشخبری؛ کورٹ فیسوں میں بڑی کمی

حکومت کی جانب سے کورٹ فیسز میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا
شائع 14 ستمبر 2024 02:15pm

وکلا کے مطالبے پر پنجاب حکومت نے کورٹ فیس میں کمی کا اعلان کر دیا۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد بورڈ آف ریوینیو پنجاب نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے کورٹ فیسز میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سول کورٹ سے آرڈر یا فیصلہ کی نقل کیلئے 100 روپے جبکہ ہائی کورٹ سے فیصلہ کی نقل کیلئے 500 روپے کورٹ فیس مقرر کی گئی ہے۔

مصدقہ کاپی کی کورٹ فیس فی پیج 100 روپے سے کم کر کے 10 روپے کر دی گئی ہے۔ ٹیننسی ایکٹ کے تحت نظرثانی درخواست پر 500 روپے، سیکشن 15 کے تحت ہائیکورٹ میں نظر ثانی درخواست کی فیس 500 روپے جبکہ کورٹ ریونیو یا رینٹ درخواست پر کورٹ فیس 500 روپے سے کم کر کے 10 روپے مقرر کی گئی ہے۔

مزراع کو معاوضہ ادائیگی درخواست یا پٹیشن پر کورٹ فیس 100 روپے، کیس ٹرانسفر کی درخواست کی فیس 500 روپے سے کم کر کے 100 روپے جبکہ ہائی کورٹ میں کیس ٹرانسفر کی درخواست پر کورٹ فیس 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ریکارڈ طلبی کی درخواست پر کورٹ فیس 10 روپے جبکہ رائیٹ آف ایکوپیسنی میں دعویٰ یا درخواست پر ایک بار 500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

طلاق ایکٹ کے تحت حلف نامہ پر کورٹ فیس 100 روپے، سول، کریمنل اور ریونیو کورٹ میں وکالت نامہ یا مختار نامہ کیلئے 100 روپے، ہائیکورٹ یا بی او آر میں وکالت نامہ پر کورٹ فیس 200 روپے جبکہ فیملی کورٹ اور قیدی کے وکالت نامہ پر کورٹ فیس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔۔ حکم امتناعی کی درخواست پر بھی کورٹ فیس 500 روپے سے کم کر کے 10 روپے مقرر کی گئی ہے۔

punjab

Court Fee