Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

بائیڈن انتظامیہ نے بھارت کیلئے جدید ترین آبدوز شکن ہتھیاروں کی منظوری دے دی

دفاعی سودے کی مالیت 5 کروڑ 28 لاکھ ڈالر ہے، بھارتی بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
شائع 12 ستمبر 2024 06:11pm

امریکا نے بھارت کو 5 کروڑ 28 لاکھ مالیت کے جدید ترین آبدوز شکن ہتھیار فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ اسلحہ خانے کی اصطلاح میں یہ ہتھیار سونوبوئز کہلاتے ہیں۔

سونوبوئز فضا سے لانچ کیے جاتے ہیں۔ اِنہیں توسیع بھی دی جاسکتی ہے۔ یہ الیکٹرو میکینکل سینسرز ہوتے ہیں جو زیرِآب آوازوں کو دور افتادہ پروسیسرز تک ریلیز کرتے ہیں۔

امریکا کے آرمز کنٹرول ایکٹ کے تحت کانگریس کے پاس اس معاہدے پر نظرِثانی کے لیے تیس دن کا وقت ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ امریکا کی طرف سے بھارتی بحریہ کو آبدوز شکن وارفیئر کی فراہمی دفاع کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور اشتراکِ عمل کو مزید وسعت اور استحکام عطا کرے گی۔

امریکا کی طرف سے ملنے والے ان جدید ترین ہتھیاروں کی مدد سے بھارتی بحریہ اپنے آبدوز شکن آپریشنز کی کامیابی کے امکانات کا گراف بلند کرنے میں کامیاب ہوگی۔ ان جدید ترین سونوبوئز سینسرز کی مدد سے بھارتی بحریہ گہرے پانیوں میں کسی دوسرے ملک کی آبدوز کا بروقت سُراغ لگاسکے گی۔ ان ہتھیاروں کو بھارتی بحریہ اپنے ایم ایچ سکسٹی آر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی استعمال کرسکے گی۔

ڈیفینس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے امریکی سینیٹ کی اُمورِ خارجہ کی کمیٹی کو ایک نوٹیفکیشن میں بتایا کہ بھارتی فوج کو یہ امریکی وارفیئر اپنی مسلح افواج کا حصہ بنانے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

امریکا اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک تعاون بڑھتا جارہا ہے۔ انڈو پیسفک اور ساؤتھ ایشین ریجن میں سیاسی استحکام، امن اور معاشی ترقی یقینی بنانے کی خاطر دونوں ممالک اس اشتراکِ عمل کے مرکزی کردار کا دعوٰی کرتے ہیں۔

23 اگست کو امریکی وزیرِخارجہ انٹونی بلنکن نے بھارتی بحریہ کے لیے 5 کروڑ 28 لاکھ ڈالر مالیت کے ان آبدوز شکن ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کی منظوری دی تھی۔

Indian Navy

ANTI SUBMARINE WARFARE

SONOBUOYS

US TO DELIVER

$52.8 MILLION