Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کل رات جو کچھ ہوا وہ بدترین ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں ہوا، بیرسٹر سیف

جمہوریت پر جو حملہ ہوا، اس کا جواب دینا ہوگا ایسے رویوں سے گھبرانے والے نہیں، اسد قیصر
شائع 10 ستمبر 2024 12:10pm

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ دھوم دھام سے نکال دیا، جعلی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، کل رات جو کچھ ہوا وہ بدترین ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں ہوا، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پولیس نے پارلیمنٹ پر حملہ اور پارلیمنٹرین کی گرفتاریاں کیں، کیا سب کچھ اسپیکر قومی اسمبلی کے حکم پر کیا گیا؟ جمہوریت پر جو حملہ ہوا، اس کا جواب دینا ہوگا ایسے رویوں سے گھبرانے والے نہیں۔

بیرسٹر سیف کا بیان

اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل رات جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکال دیا، جعلی حکومت جتنی بھی فسطائیت کرے پی ٹی آئی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، جعلی حکومت کی فسطائیت پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کو مزید تقویت بخشتی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں رات بھر لاقانونیت راج کرتی رہی، پارلیمنٹ پر شب خون مارکر بے توقیری کی گئی، پارلیمنٹ سے معزز اراکین کو اٹھاتے رہے جبکہ اسپیکر ہاتھوں پہ ہاتھ رکھ کر تماشا دیکھتے رہے، کل رات جوا ہوا وہ کبھی بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوا۔

بیرسٹر گوہر اور شیر افضل مروت سمیت اہم پی ٹی آئی رہنما گرفتار، پارٹی لیڈر شپ پارلیمنٹ ہاؤس میں جمع

پارلیمنٹ احاطہ سے اراکین کی گرفتاری پر اسپیکر کے ’ردعمل‘ کی تفصیلات سامنے آگئی

8 گھنٹے ’لاپتا‘ رہنے کے بعد علی امین گنڈا پور سے رابطہ بحال، پشاور پہنچنے کی تصدیق

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معزز وکلاء اور اراکین پارلیمنٹ کو بے توقیری کے ساتھ اٹھایا گیا، ایک جلسے کی کامیابی سے بد حواسی کا یہ عالم ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اسد قیصر کا ویڈیو بیان

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف اپنے ویڈیو بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پولیس نے پارلیمنٹ پر حملہ اور پارلیمنٹرین کی گرفتاریاں کیں، اسپیکر سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ نے اس کی اجازت دی؟ اسپیکر قومی اسمبلی کے حکم پر کیا یہ سب کچھ ہوا؟۔

اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی کی کوئی حیثت نہیں ہے، علی امین گنڈا پور کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ قابل مذمت ہے، ایسے رویوں سے ہم گھبرانے والے نہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے بتایا کہ آج اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، آپ ملک کو انارکی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، شہباز شریف! آپ کے دن گنے جا چکے ہیں، جمہوریت پر جو حملہ ہوا، اس کا جواب دینا ہوگا۔

Asad Qaiser

peshawar

barrister saif

Barrister Muhammad Ali Saif

PTI Leaders arrested

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)