سعودی دارالحکومت ریاض میں جی سی سی کا 7 واں مشترکہ اجلاس، غزہ میں اسرائیلی بمباری پر اظہار تشویش
سعودی دارالحکومت ریاض میں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا 7 واں مشترکہ وزارتی اجلاس ہوا۔
روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف اور دیگر وزرائے خارجہ نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں غزہ میں جاری اسرائیل کی بمباری پر اظہار تشویش کیا گیا۔
سرگئی لاوروف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا، اسرائیل اور لبنان میں محاذ آرائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات بھی کی، دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی اور جنگ بندی کے نفاذ اور ایک جامع سیاسی عمل شروع کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ پر زور دیا۔
جی سی سی اجلاس سے قبل سرگئی لاوروف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزیرِ خارجہ نے سعودی ولی عہد کو برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
Comments are closed on this story.