Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

جلسے پر پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی شروع، اسلام آباد میں ٹریفک بحال

جلسے کے اختتام پر تمام بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال ہوگئی، وزیرداخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی
شائع 09 ستمبر 2024 09:59am
Shelling at PTI jalsa - Breaking - Aaj News

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے دوران پولیس اور کارکنوں میں جھڑپ ہوئی، پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جس پر تحریک انصاف کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی جبکہ جلسے کے اختتام پر تمام بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کردی گئی، دوسری طرف وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں انتظامیہ سے کیے گئے وعدے پامال کر دیے گئے، جلسے کے لیے 7 بجے تک کا وقت مقرر تھا تاہم پاور شو تقریباً 10 بجے تک جاری رکھا جبکہ مرکزی قیادت مقررہ وقت کے 2 گھنٹے بعد پہنچی۔

انتظامیہ نے وعدے کی پاسداری نہ کرنے پر کئی بار پی ٹی آئی رہنماؤں کوتنبیہ کی جبکہ مقررہ وقت کے بعد جلسے کو غیر قانونی قرار دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے نہ ماننے پر کارروائی کا فیصلہ کیا اور جلسے کا این او سی منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ایف سی کو چونگی نمبر 26 سمیت دیگر مقامات پر تعینات کردیا۔

سری نگر ہائی وے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا، 7 بجے کے بعد 26 نمبر چونگی پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق شیلنگ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے بعد کی گئی، کارکنوں کے پتھراؤ سے پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق شرکا نے روٹ کی خلاف ورزی کی روکنے پر پتھراؤ کیا، اطراف بجلی بھی کچھ دیر کے لیے بند کی گٸی، بالآخر اسلام آباد پولیس 26 نمبر چونگی پر پی ٹی آٸی کارکنوں کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوگئی اور 26 نمبر چونگی کے اطراف بجلی بحال کر دی گٸی۔

پولیس کی جانب سے خواتین اور بچوں کو انٹر چینج پیدل پار کرنے کی اجازت دے دی گئی، جلسے کے اختتام پر تمام بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کردی گئی جبکہ موٹر وے کو ملانے والی سری نگر ہاٸی وے بھی کھول دی گٸی۔

آئی جی اسلام آباد

اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این او سی کی خلاف ورزی پر جلسہ منتظمین کے خلاف کارروائی ہوگی، جلسے کے این او سی میں قواعد واضح تھے، جلسے میں قواعد کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلسے کے منتظمین کو وقت کی پابندی کا بتایا تھا، مقررہ وقت پر جلسہ ختم کرنے کی ہدایات کے باوجود جلسہ جاری رکھنے اور پولیس پر پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب 26 نمبر چونگی پل کے نیچے سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور دونوں اطراف سے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے راستے پر کینٹینرز ہٹانے کا کام جاری ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان اور اسلام آباد پولیس آمنے سامنے

قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٸی) کے کارکنان اور اسلام آباد پولیس جی ٹی روڈ پر آمنے سامنے آئے۔

کارکنان جی ٹی روڈ کے ذریعے جلسہ گاہ جانے کیلٸے بضد تھے جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں طے شدہ روٹ اختیار کرنے کی تنبیہہ کی گئی۔

اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، ملک کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا، بیرسٹر سیف

انتظامیہ نے کارکنان کو 26 نمبر چونگی خالی کرنے کی تنبہہ کی اور ایف سی اہلکاروں اور آنسو گیس شیل اسکواڈ کو الرٹ کردیا۔

پی ٹی آئی جلسے کے قریب ہوٹل، گیسٹ ہاؤس بند، شرکا کو کھانا اور رہائش دینے پر پابندی

اسلام آباد میں جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی آج جلسہ کرے گی۔

تاہم، کچھ دیر بحث کے بعد پی ٹی آٸی کارکنان نے اسلام آباد پولیس کی بات مان لی ، کارکنان جلسہ گاہ جانے کیلٸے موٹروے استعمال کریں گے۔

قبل ازیں، پولیس نے کوریج کیلئے موجود آج نیوز کے نمائندہ افضل جاوید کو بھی قیدی وین میں ڈال دیا۔ افضل جاوید کی جانب سے میڈیا نمائندگی کا بتانے کے باوجود پولیس اہلکار نہ مانے اور فون چھیننے کی کوشش کی۔

تاہم، ایس ایس پی آپریشن نے افضل جاوید کو ذاتی شناخت پر رہا کروایا اور معذرت بھی کی۔

جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری

ایک طرف پی ٹی آئی کا جلسہ تاخیر کا شکار ہے تو دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کو جلسہ گاہ خالی کرنے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

اسلام آباد کے سنجگانی میں ہونے والا پی ٹی آئی جلسہ 4 بجے شروع ہونا تھا لیکن ابھی تک قافلے جلسہ گاہ نہیں پہنچے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں بھی قافلے راستے میں ہی ہیں۔

جلسہ گاہ میں لوگوں کی کافی تعداد موجود ہے لیکن جلسے کا آغاز اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو آئندہ جلسے کا این او سی نہیں دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کا کہنا ہے کہ این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کریں گے، منتظمین سے کہا ہے کہ برائے مہربانی وقت کی پابندی کریں، جلسہ ختم کرنے کے حوالے سے 7 بجے دوبارہ ریویو کیا جائے گا، جلسہ ختم نہ ہوا تو تحریری طور پر غیرقانونی قرار دیں گے۔

جنرل ضیاء الحق قبر سے اُٹھ کر آ جائیں تو بھی پی ٹی آئی کو جلسے سے نہیں روک سکتے، شوکت بسرا

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ کوئی دیر سے جلسہ گاہ پہنچے تو انتظامیہ ذمہ دار نہیں، امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر جلسہ ختم کرنے کا وقت 7 بجے تک دیا تھا۔

بعد ازاں، ڈی سی اسلام آباد نے فوری جلسہ گاہ خالی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، انتظامیہ نے این او سی کی خلاف ورزی پر نیا آرڈر جاری کرتے ہوئے جلسہ انتظامیہ کو فوری طور پر جلسہ گاہ خالی کرنے کی ہدایت کردی۔

islamabad police

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa islamabad

8 September PTI Jalsa

PTI jalsa Sep 8