Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ بحریہ پر اہم پیغام

بحریہ کی مستقل مزاجی فرض شناسی کا ثبوت ہے، وزیراعظم 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان اور یادگار دن ہے، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 09:31pm

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ بحریہ کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحریہ کی مستقل مزاجی فرض شناسی کا ثبوت ہے، یوم بحریہ پر پاکستان بحریہ کے تمام اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اور وطن سے محبت کا ثبوت ہے، پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو بہت اہمیت دیتے ہیں، آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پر عزم ہیں، پاک بحریہ کے افسر اور نوجوان ہمارا فخر ہیں۔

جنگ 1965: بزدل بھارتی جنرل اپنی جیپ چھوڑ کر بھاگ نکلا

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوم بحریہ پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان و یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر بھی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے دشمن کو پسپا کیا، پاک بحریہ کے جانبازوں نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

Interior Minister

Pakistan Navy

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

mohsin naqvi