Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

آج رات جلسے کی چاند رات ہے، جلسہ ہر صورت ہوگا، پی ٹی آئی رہنماؤں کا اعلان

سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مرکزی قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 12:03am

اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ اتوار کو ہوگا، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مرکزی قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا ہے۔ جب کہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر راولپنڈی تا اسلام آباد میٹرو بس سروس بحال رہے گی۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف پاورشو کے لئے تیار ہے ، جلسہ گاہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ۔ مرکزی قیادت نے جلسہ گاہ کا بھی دورہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اسلام آباد میں سنگجانی جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’اتوار کو اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ ہونے جارہا ہے، اس جلسے کا بنیادی مقصد بانی چیئرمین کی رہائی اور مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانی ہے، امن و امان کی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے جلسہ کررہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کیلئے سب کو نکلنا ہوگا، جوڈیشنل پیکج میں مختلف پروپوزل زیر غور ہیں، عدلیہ میں اثر و رسوخ کو بڑھایا جارہا ہے، اگر آج عدلیہ پر وارکیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہوگا، ہم نے فیصلہ کیا ہے اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھائیں گے، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو پریشرائز کیا جارہا ہے، یہ قانون سازی کررہے ہیں یا من مانی کررہے ہیں، آپ ہمیں دیوار کیساتھ لگانا چاہتے ہیں، ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔‘

اسلام آباد جلسہ : لاہور سے 10 ہزار سے زائد کارکن شہر اقتدار پہنچیں گے، صوبائی قیادت

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا پرامن جلسہ ہوگا، یہ لانگ مارچ یا دھرنا نہیں ہوگا، انتظامیہ راستے میں رکاوٹ نہ ڈالے۔

اپوزیشن لیڈرعمرایوب نےکہا جلسہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے نئی جگہ کا این او سی جاری کیا گیا، جیسے بھی ممکن ہو کارکن پہنچیں۔ آج رات جلسے کی چاند رات ہوگی۔

محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ سینکڑوں اور ہزاروں کی تعداد میں ورکرز آج نکلے ہیں، جب ملک کے حالات خراب ہوں تو سب کو نکلنا ہوتا ہے، پاکستان کے حالات اس وقت بد سے بدترین ہیں، پاکستان کا ہر وہ شہری چاہے وہ جج ہے یا جنرل وہ ملک سے محبت رکھتا ہے، سب چاہتے ہیں یہ ملک بحرانوں سے باہر نکلے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف کے بڑے بھائی ہیں وہ بھی سمجھ گئے ہیں، کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا، اتوار کے جلسے میں ہزاروں لاکھوں لوگ جمع ہوں گے، جلسے کا مقصد کسی کو برا بھلا کہنا نہیں، آئین کی بالادستی ہے، چاہتے ہیں لوگوں کو روزی روٹی ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی چیئرمین نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ وہ کیوں دہرا رہے ہیں، ہمارے لئے امتحان ہے کہ کیسے ملک کو بچا سکتے ہیں۔

اس سے قبل عدالت میں پیشی کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد جلسہ ہرصورت ہوگا،آج ہم دھوپ میں ہیں کل آپ ہوسکتے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے گاہ آنے کا روٹ پلان جاری کردیا ہےشرائط کے مطابق جلسے کا آغاز چاربجے اوراختتام شام سات بجے تک کرناہوگا۔

راولپنڈی تا اسلام آباد میٹرو بس سروس بحال رہے گی

اسلام آباد سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر راولپنڈی تا اسلام آباد میٹرو بس سروس بحال رہے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ الصبح میٹیننس کے باعث سروس کی فراہمی چند گھنٹوں کے لیے معطل رہے گی جبکہ اتوار کے روز میٹرو بس سروس معمول کے مطابق چلے گی۔ میٹرو بس اپنے روٹ صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک بحال رہے گی۔

PTI jalsa

pti jalsa islamabad

8 September PTI Jalsa