Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، مریم اورنگزیب

ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں پلانٹیشن کو ضروری کردیا گیا ہے، صوبائی وزیر
شائع 07 ستمبر 2024 03:30pm

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیروٹالرنس ہے۔

سموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور کافی حد تک سموگ سے متاثر ہورہا ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے، 3 ماہ کے دوران لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک گیا۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیم، معیشت اور صحت متاثر ہوتی ہے، سموگ لاہور میں جمع ہوتی ہے اور سردیوں میں معمولات زندگی متاثر کرتی ہے، لاہور میں سموگ کا انڈیکس ساڑھے 400 تک بھی گیا ہے، پچھلے ادوار میں سموگ کے خاتمے کیلئے کوئی احتیاطی تدبیر نہیں اپنائی گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وہیکل فٹنس کا کوئی پروسیس موجود نہیں تھا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر بنانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں روزانہ 1800موٹرسائیکلیں رجسٹر ہوتی ہیں، لاہور میں اس وقت 13 لاکھ گاڑیاں موجود ہیں، شہری جرمانے سے بچنے کیلئے اپنی گاڑیوں کی مکمل فٹنس کا خیال رکھیں، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان تین ماہ میں کم سے کم کنسٹرکشن کریں، ہم نے سی اینڈ ڈبلیو کی کنسٹرکشن کو بند کیا اور جرمانہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سوپر سیڈرز پنجاب حکومت نے فراہم کئے ہیں، کسان کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، پنجاب کی سطح پر پہلی مرتبہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا منصوبہ لائے ہیں، پچھلے چار سال میں پنجاب کو خراب کیا گیا گندا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پینتالیس ہزار انسپیکشن تین ماہ میں کی گئی، پندرہ سو پلانٹس کو سیل کیا، پندرہ سو ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں، پنجاب میں آٹھ ہزار بھٹے موجود ہیں، لاہور اور اس کے اطراف میں دو ہزار بھٹے موجود ہیں، دو سو تیس بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، لاہور قصوراورشیخوپورہ میں تمام بھٹے زک زیک ٹیکنالوجی پر ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس حوالے سے ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا، پندرہ سو ایف آئی آرز کی گئیں، ڈھائی سو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، کوئی بھی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس بنایا جائے گا اس میں پلانٹیشن کو ضروری کردیا گیا ہے، ہم کلائمینٹ چینج پر پورا کام کر رہے ہیں صوبائی کابینہ سے اس کو منظور کروا لیا گیا ہے، اگر اپنی ذمہ داری ہر شخص نہیں اٹھائے گا تو سموگ کو کنٹرول نہیں کیا جاسکے گا۔

Marriyum Aurangzeb

punjab

smog