Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پُرامن اجتماع و امن عامہ اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے بھی منظور

پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل نے بل کی شدید مخالفت کی، اراکین نےاحتجاج کیا اور نو نو کے نعرے لگائے
شائع 06 ستمبر 2024 02:54pm

سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل اور اسلام آباد میں پُرامن اجتماع اور امن عامہ بلز کثرتِ رائے سے منظور کرلیے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزیرپارلیمانی اموراعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ووٹنگ کرائی جس کے بعد بل کثرت رائے سے مںظور کرلیا گیا۔ قبل ازیں یہ بل سینیٹ سے مںظور ہوچکا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ضمنی ایجنڈا پیش کرنے سے متعلق تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، مسلم لیگ ن کے بیرسٹر دانیال چوہدری نے تحریک ایوان میں پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔

الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل سینیٹ سے منظور

سینیٹ اجلاس میں شدید لڑائی، کرسیاں مارنے کی نوبت آگئی

مسلم لیگ (ن) کے رکن دانیال چوہدری نے ضمنی ایجنڈے کے طور پر ایوان میں اسلام آباد پُرامن اجتماع اور امن عامہ بل 2024 منظوری کے لیے پیش کیا۔

پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل نے بل کی شدید مخالفت کی جبکہ سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے اراکین نےاحتجاج کیا اور نو نو کے نعرے لگائے تاہم بل کثرت رائے سے منظور ہوگیا۔

یہ بل گزشتہ روز سینیٹ سے بھی منظور کرلیا گیا تھا جبکہ دونوں ایوانوں سے منظوری مل چکی ہے اب یہ دونوں بل منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیے جائیں گے جن کے دستخط کے ساتھ ہی یہ بل ایکٹ بن جائیں گے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے رکن جمشید دستی نے کورم کی نشاندہی کی جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

اسلام آباد

National Assembly

Election Amendment Act

Senate Meeting

Senate of Pakistan

Amendment in Election Act

Election Act Amendment Bill