Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جاوید بٹ قتل کیس: نامزد ملزمان کے نام پی این آئی ایل لسٹ میں شامل

پولیس نے ریکی کرنے والی ایک گاڑی کو کیمروں کے ذریعے ٹریس کر لیا
شائع 04 ستمبر 2024 02:20pm

طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں نامزد ملزمان امیر فتح اور قیصر بٹ کا نام ئی جی پنجاب کی سفارش پر پی این آئی ایل لسٹ میں ڈال دیا گیا جبکہ پولیس نے ریکی کرنے والی ایک گاڑی کو کیمروں کے ذریعے ٹریس کر لیا۔

لاہور پولیس نے 2 روز قبل کینال روڈ پر قتل ہونے والے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قاتلوں کی تلاش کے لیے مختلف شواہد کی روشنی میں کام شروع کر دیا ہے۔

آئی جی پنجاب کی سفارش پر ایف آئی آر میں نامزد ملزمان امیر فتح، قیصر بٹ کے علاوہ امیر بالاج ٹیپو کے بھائی امیر معصب کا نام بھی پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، نامزد ملزمان اب بیرون ملک فرار نہیں ہو سکیں گے۔

طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل: وقوعہ پرلگے کیمرے نان آپریشنل ہونے کا انکشاف

ذرائع کے مطابق پولیس اور سی آئی اے کی ٹیموں نے 50 کے قریب کیمروں کو چیک کیا ہے اور جاوید بٹ کی ریکی کرنے والی ایک مشتبہ گاڑی کو ٹریس کیا ہے، پولیس نے گاڑی کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کر لیا۔

اقبال ٹاؤن میں مقتول کے گھر کے اطراف، مختلف دکانوں اور ہوٹلوں پر لگے کیمروں کو بھی چیک کیا گیا ہے اور ان فوٹیجز کی مدد سے شوٹرز کا روٹ ٹریک کرنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والی اور عینی شاہد ثمینہ جاوید کے علاوہ مقتول کے دیگر رشتہ داروں سے پوچھ گچھ بھی کی ہے تاہم پولیس کو ثمینہ جاوید سے مناسب جواب نہ مل سکے جبکہ سی آئی اے اور انوسٹی گیشن ٹیموں نے کئی گھروں کو بھی چیک کیا ہے۔

lahore

AMEER BALAJ

ameer balaj tipu murder case

Taifi Butt

Javed Butt