Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلحہ و شراب برآمد گی کیس: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری پولیس کو موصول

عدالت کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے کل پیش کرنے کا حکم
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2024 06:57pm

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ جس کے بعد وارنٹ گرفتاری تھانہ بہارہ کہو پولیس کو موصول ہوگئے۔ ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو وارنٹ گرفتاری کی فوری تعمیل کا حکم دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت سول جج شائستہ خان کنڈی نے کی۔

جج شائستہ کنڈی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ بہارہ کہو پولیس کو موصول ہوگئے۔ ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو وارنٹ گرفتاری کی فوری تعمیل کا حکم دیا گیا۔ جبکہ اسلام آباد پولیس علی امین کے وکلا سے بھی وارنٹ کی تعمیل کروا دی۔

وارنٹ گرفتاری پر علی امین گنڈا پور کے ڈی آئی خان گھر کا پتہ بھی درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ورنٹ گرفتاری سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورکو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت بغیر کارروائی 10 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جج طاہر عباس سپرا نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی ۔

علی امین گنڈاپور کیجانب سے راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اوروزیر اعلی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کی طبعیت ناساز ہے اس لیے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹانگ میں تکلیف ہے، ڈاکٹر نے ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے، خیبرپختونخوا میں سیلاب آیا ہوا ہے، وزیر اعلی کے پی کے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورے پر تھے۔ اچانک پاؤں سلپ ہوا تھا جس سے ٹانگ میں تکلیف ہے۔ عدالت سے استدعا ہے سماعت ملتوی کی جائے ۔

بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔

اسلام آباد

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

district and session court

non bailable arrest warrant

Arms and liquor export case