Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل: وقوعہ پرلگے کیمرے نان آپریشنل ہونے کا انکشاف

مقتول جاوید بٹ کے بیٹے حمزہ کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج کیا گیا
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2024 03:48pm

گزشتہ روز لاہور میں کینال روڈ پر طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ انکشاف ہوا ہے کہ وقوعہ پرلگے کیمرے نان آپریشنل تھے۔

تفصیلات کے مطابق مقدمے میں امیر بالاج کے بھائی امیر فتح، قیصر بٹ اور 2 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ نامزد ملزم قیصر بٹ نے واقعے سے لاتعلقی کا بیان جاری کر دیا۔

لاہور کے تھانہ اچھرہ میں مقتول جاوید بٹ کے بیٹے حمزہ جاوید کی مدعیت میں درج مقدمے میں 302 ،324 اور 334 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جاوید بٹ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بچوں کو اسکول سے لانے کے لیے روانہ ہوئے، ایف سی انڈر پاس کے قریب اشارے پر دو موٹرسائیکلز پر سوار 4 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر جاوید بٹ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اہلیہ ثمینہ جاوید زخمی ہو گئیں۔

وقوعہ پرلگے کیمرے نان آپریشنل تھے

علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ پرلگے کیمرے نان آپریشنل تھے، کیمرے بند ہونے سے واضع فوٹیج تاحال نہیں مل سکیں۔

لاہور میں امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی فائرنگ سے ہلاک

پولیس حکام کے مطابق تفتیش کیلئے چار ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، جاوید بٹ کوقتل کرنےوالوں نےتیس بورپستول استعمال کیا، شوٹرز کا روٹ ٹریک کرنے کی کوشش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق شوٹرز نےاقبال ٹاؤن سے جاوید بٹ کا تعاقب شروع کیا، دائیں جانب سے پیٹ میں لگنے والی گولیاں موت کی وجہ بنیں، فائرنگ کرنے والے ملزمان واردات کےبعد کہاں رُکے ہیں اس کی تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ مقتول جاوید بٹ کے ورثا نے مقدمے میں امیر بالاج ٹیپو کے بھائی امیر فتح، قیصر بٹ اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا ہے۔

تاہم نامزد ملزم قیصر بٹ نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کا جاوید بٹ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ پولیس کے سامنے سرنڈر کریں گے اور پولیس کو مطمئن کریں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور خاتون زخمی ہوگئی تھی۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کی شناخت جاوید بٹ کے نام سے ہوئی ہے جو طیفی بٹ کا بہنوئی تھا۔

یاد رہے کہ رواں برس 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔

ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے مقدمے میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے احسن شاہ کے ذریعے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کروانے کا الزام عائد ہے۔

lahore

AMEER BALAJ

ameer balaj tipu murder case

Taifi Butt

Javed Butt