Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے معاملے پر سینیٹ میں گرما گرمی

پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز چترالی اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چوہدری میں تلخ کلامی ہوئی
شائع 02 ستمبر 2024 09:10pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے معاملے پر سینیٹ میں گرما گرمی ہوگئی۔ پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز چترالی اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چوہدری میں تلخ کلامی ہوئی۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے عمران خان کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کسی یونیورسٹی کے چانسلر نوجوانوں کے لئے رول ماڈل ہوتے ہیں، ایک ڈگری اور تمغہ لے رکھا ہو، لیکن جو طالبان کے بارے میں اچھی رائے رکھے، کہے کہ خواتین کا ریپ اس لئے ہوتا ہے کہ وہ کپڑے ایسے پہنتی ہیں۔‘

آکسفورڈ یونیورسٹی کو عمران خان کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کیخلاف احتجاجی شکایات موصول

انھوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ایسے شخص کو کوئی چانسلر نہیں بنائے گا، جو کرپشن کے کیس میں اڈیالہ میں ہو۔

اس تنقید پر سینیٹر فلک ناز چترالی اور طلال چوہدری میں تلخ کلامی ہوئی۔ سینیٹر فلک ناز نے کہا کہ تمیز سے بات کریں۔ جس پر طلال چوہدری نے جواب دیا کہ ’کیا بدتمیزی کی ہے تم چار بچوں کی ماں ہو۔‘

کیا طالبان دوست عمران آکسفورڈ کے اگلے چانسلر کیلئے بہترین انتخاب ہیں؟ بین الاقوامی میڈیا نے دھماکہ خیز سوال اٹھا دیا

سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ کے چانسلرکا الیکشن لڑ رہے ہیں، اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو ملک کا نام روشن ہوگا، ہمارا اپنا لیڈر پوری دنیا میں نام روشن کرے تو یہ فخرکی بات ہے، اس ایوان قرارداد منظور ہوئی تو اچھی بات ہے۔

اسی تناظر میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک یونیورسٹی کا الیکشن ہے، جو کرنا ہے یونیورسٹی نے کرنا ہے، یونیورسٹی کسی کا اثر نہیں لیتی۔

Senate of Pakistan

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)