Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کن ملکوں نے ”ایکس“ پر پابندی عائد کر رکھی ہے؟

پابندی کا آغاز 2011 میں ہی ہوگیا تھا
اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2024 07:24am

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو بہت سے ممالک میں بندش کا سامنا رہا ہے۔ ہفتے کو برازیل کی حکومت نے ایکس پر پابندی لگادی اور اب یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ وی پی این کی مدد سے ایکس کو استعمال کرنے والوں کو 8800 تک جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

2011 میں عرب دنیا میں عوامی سطح پر بیداری کی لہر کے بعد مصرمیں ٹوئٹر پر پابندی لگائی گئی تھی۔ تب ایکس کا یہی نام تھا۔

2023 میں ترکیہ میں اور اس سے قبل 2021 میں الیکشن کے موقع پر آذر بائیجان میں ٹوئٹر پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ چین میں 2009 سے ایکس پر پابندی ہے۔ چین میں جو لوگ ٹوئٹر استعمال کیا کرتے تھے وہ ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور میسیجنگ ایپس ویبو یا وی چیٹ پر منتقل ہوئے تھے۔

ایران میں صدارتی انتخاب کے موقع پر احتجاجی مظاہروں کی کوریج روکنے کے لیے ٹوئٹر کو بلاک کردیا گیا تھا۔ تب سے اب تک یہ پلیٹ فارم بندش کا شکار ہے اور حکومت مخالف آوازیں باہر کی دنیا تک نہیں پہنچ پارہیں۔

وسطِ ایشیا کا ملک ترکمانستان بھی اُن ممالک میں سے ہے جہاں ٹوئٹر پر پابندی لگادی گئی تھی اور یہ پابندی اب تک برقرار ہے۔ حکام ترکمان ٹیلی کام کے ذریعے معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

شمالی کوریا میں بھی ٹوئٹر یا ایکس کو بندش کا سامنا ہے۔ حکومت نے 2010 میں اپنا باضابطہ اکاؤنٹ بنایا تھا تاہم اپریل 2016 میں فیس بک، یو ٹیوب، جوئے اور فحش مواد کی ویب سائٹس کے ساتھ ساتھ ایکس کو بھی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ شمالی کوریا میں سرکاری ویب سائٹس کے علاوہ حکام کو چند ہی ویب سائٹس تک رسائی حاصل ہے۔

روس اور میانمار میں بھی ٹوئٹر پر 2021 میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔ میانمار میں انٹرنیٹ فوجی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ روسی حکومت نے غیر قانونی مواد کی اشاعت کے الزام پر ٹوئٹر کو بلاک کردیا تھا۔

فروری 2022 میں یوکرین پر روسی لشکر کشی کے بعد روسی حکومت نے ٹوئٹر پر باضابطہ پابندی لگادی۔ پاکستان کی طرح روس میں بھی لوگ ایکس تک رسائی کے لیے وی پی این استعمال کرتے ہیں۔ وینیزویلا میں بھی انٹرنیٹ پر 9 اگست سے پابندی عائد ہے۔ یہ پابندی صدارتی انتخاب کے متنازع نتائج کے بعد لگائی گئی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں ایکس کو ابھی تادیر پابندی کا سامنا رہے گا۔

russia

Iran

North Korea

brazil

VENEZUELA

X BLOCKED

AUTOCRATIC GOVERNMENTS