Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ضلعی امن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری

پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نئی امن کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن کیلئے مراسلہ ارسال
شائع 30 اگست 2024 10:47am

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ضلعی امن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نئی امن کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن کے لیے مراسلہ بھی لکھ دیا۔

مراسلے کے مطابق پنجاب بھر میں ضلعی امن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کیلئے تمام مسالک سے نمائندگی لی جائے گی، آخری بار ضلعی امن کمیٹیاں 2018 میں تشکیل دی گئی تھیں، ضلعی امن کمیٹیوں کے اکثر عہدیداران انتقال کر گئے یا انتہائی ضعیف اور غیر موثر ہوگئے ہیں۔

امن کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے تمام ممبران کی متعلقہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی سے کلیئرنس لی جائے گی، ازسرنو تشکیل سے ضلعی امن کمیٹیاں بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کر سکیں گی۔

مراسلے میں کہا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تمام ضلعی امن کمیٹیوں میں ممبران اسمبلی، میئر، چیئرمین میونسپل کمیٹی، ڈی پی او، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی عہدیداران اور تمام مسلک کے نمائندگان شامل ہوتے ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو نئی امن کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن 2 ہفتے کے اندر جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz

District Peace Committees