Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

3 کروڑ کی ڈکیتی کے ملزمان گرفتار، 1 کروڑ 97 لاکھ روپے ریکور

27 اگست کو ملزمان نے اسلام آباد کے علاقے سترہ میل میں بینک کی کیش وین کو لوٹا تھا
شائع 29 اگست 2024 07:15pm

رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کے ملزمان کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے 1 کروڑ 97 لاکھ روپے ریکور کر لئے۔ ملزمان کو تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے گرفتار کیا۔

اسلام آباد پولیس افسران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بینک سے کیش ٹرانسفر کرتے ہوئے مسلح ملزمان نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک کیش وین کا گارڈ جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہو گی۔

ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر مصطفی تنویر نے بتایا کہ واقعہ کے بعد آئی جی اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، ملزمان کی شناخت کے بعد آج انہیں گرفتار کر کے 1 کروڑ 97 لاکھ روپے ریکور کرلئے گئے ہیں۔

گینگ میں شامل چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو کہ انتہائی خطرناک گینگ کا حصہ ہیں، چھ رکنی گینگ میں سے چار ملزمان گرفتار ہیں دوکی گرفتاری باقی ہے۔گرفتار ملزمان میں میررضوان قریشی، نعیم بہادر،محمد ریاض اور محمد ارسلان عارف شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر کا کہنا تھا کہ ہم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے پاکستان میں کام کیا، ہم نے تمام فضائی اڈوں پر بھی نگرانی کی تاکے ملزمان فرار نہ ہوسکیں

مصطفی تنویر نے انتباہ کیا کہ 45 سال سے زیادہ عمر کا گارڈ نہ تو بینک پر ڈیوٹی کرے گا نہ ہی گاڑی پر اپنے فرائض انجام دئے گا۔

ملزمان نے رواں سال اسلام آباد کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کی تھی ملزمان نے27 اگست کو کیش وین سے 3 کروڑ 68 لاکھ روپے لوٹے تھی، لوٹ مار کے واقعہ میں ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

اسلام آباد

islamabad police