Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

50 ہزار میں فروخت ہونے والے بچے کی تلاش سے متعلق پولیس نے تفصیلات بتا دیں

واضح رہے بچے کو گھر سے اغواء کر کے منڈی بہاوالدین میں ایک بے اولاد جوڑے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا تھا۔ رپورٹ
شائع 29 اگست 2024 04:05pm

ڈیفنس کے علاقے سے اغواء ہونے والے 3 سالہ بچے کو پنجاب پولیس نے بازیاب کروایا جو اپنی نوعیت کا ایک عجیب جرم تھا۔ مذکورہ واقعہ 24 اگست کو پیش آیا تھا جب عبدالرزاق نامی شہری اور اس کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھے اور گھر میں ان کے 4 بچے اکیلے تھے۔

والدین کی عدم موجودگی میں ایک خاتون اور مرد گداگروں کے جوڑے نے عدنان نامی بچے کو گھر سے اغواء کر کے منڈی بہاوالدین میں ایک بے اولاد جوڑے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کر دیا تھا۔

بعد ازاں ایس پی کینٹ اویس شفیق نے بتایا کہ بچے کو اغوا کرنے والے گدا گر جوڑے اور خریدنے والے شخص عمران کو گرفتار کرلیا گیا تھا، بچہ اغواء کرنے والے گداگر ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں، جنہوں نے بچہ فروخت کرنے کے بعد واپس آکر ڈیفنس کے اشاروں پر دوبارہ بھیک مانگنا شروع کردی تھی جبکہ ملزمان کو کلوز سرکٹ فوٹیج کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔

پولیس نے بچے کو کیسے بازیاب کرایا؟

عبدالرزاق کا ون فائیو سے فوری رابطہ کرنا اس کیس کی سب سے اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔

ایس پی کینٹ لاہور اویس شفیق سے اس حوالے سے بی بی سی کو بتایا کہ اس کیس میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ بچے کے والدین نے اغوا کے فوری بعد ہی پولیس کو وقوعہ کے بارے میں بتا دیا تھا۔

اس طرح کے واقعات کے بعد عام طور پر والدین پہلے خود ہی بچے کی تلاش شروع کر دیتے ہیں جس میں وقت ضائع ہوتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق ایس پی اویس شفیق نے 15 پر کال موصول ہونے کے بعد پنجاب پولیس نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور ڈی ایچ اے سے لے کر سیف سٹی کے تمام کیمروں کی فوٹیجز جمع کیں۔

بعد ازاں اسی فوٹیج کی مدد سے جلد ہی اس بات کی تصدیق ہوئی کہ عدنان کے والد عبدالرزاق کا دعویٰ درست تھا۔

پولیس نے ان کے محلے کے نزدیک نصب کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا کہ ملزمان اپنے بچے سمیت عبدالرزارق کا بچہ بھی ساتھ لے کر جا رہے تھے۔

پولیس کو مزید تفتیش کے بعد علم ہوا کہ ملزمان پنجاب کے شہر منڈی بہاو الدین میں موجود ہیں۔ تاہم جب تک پولیس ملزمان تک پہنچی، وہ بچہ ان کے پاس نہیں تھا۔

ایس پی اویس شفیق کے مطابق ملزمان سے تفتیش میں علم ہوا کہ انھوں نے وہ بچہ پچاس ہزار روپے میں ایک بے اولاد جوڑے کو بیچ دیا ہے۔

ایس پی اویس شفیق کے مطابق مرکزی ملزمان کی مدد سے اس جوڑے کی شناخت کی گئی جن کو بچہ فروخت کیا گیا تھا۔ وہاں سے ہم دوسرے جوڑے تک پہنچے۔

انھوں نے بتایا کہ جب پولیس نے اس جوڑے کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں ایک ستر سالہ خاتون ملیں۔

ان سے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کے بیٹے اور بہو کو لاہور سے ایک بچہ ملا ہے اور وہ سارے خاندان کو بچہ دکھانے کے لیے گئے ہوئے ہیں۔

اویس شفیق کے مطابق پولیس نے اسی گھر میں انتظار کیا اور جیسے ہی وہ جوڑا گھر واپس آیا تو ہم نے اسے گرفتار کرلیا۔

lahore

Punjab police

child recover