Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں انٹرنیٹ کب تک سست رہے گا؟ پی ٹی اے نے بتا دیا

سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت سے انٹرنیٹ کی موجودہ صورتحال میں بہتری آئے گی، پی ٹی اے
شائع 28 اگست 2024 05:14pm

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دو سب میرین کیبلز میں خرابی کو انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ قرار دیا ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز ”اکتوبر کے اوائل“ تک سست رہنے کی توقع ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری انٹرنیٹ کی سست روی کی بنیادی وجہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جوڑنے والی سات بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں سے دو (ایس ایم ڈبلیو -4 اور اے اے ای - 1) میں خرابی ہے۔

پاکستان میں اے ٹی ایمز کی بندش کی خبریں، پی ٹی اے کا بیان سامنے آگیا

واضح رہے کہ ایس ایم ڈبلیو 4 سب میرین کیبل میں خرابی اکتوبر 2024 کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے جبکہ سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت کر دی گئی ہے۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت سے انٹرنیٹ کی موجودہ صورتحال میں بہتری آئے گی۔

انٹرنیٹ کے ماہر ڈوگ میڈوری نے سب میرین کیبلز میں خرابی کے حوالے سے پی ٹی اے کے دعوے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے انٹرنیٹ کی صلاحیت میں کمی سب میرین کیبلز میں خرابی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

ملک میں بڑے ٹیلی کام بلیک آؤٹ کا خدشہ، پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کردیا

انہوں نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم دیکھ سکتے ہیں 17 جون کو ایس ایم ڈبلو-4 کی ناکامی کے نتیجے میں پی ٹی سی ایل کا ٹی ایم نیٹ، این ٹی ٹی اور لیومن سے ٹرانزٹ منقطع ہوگیا۔ پی ٹی سی ایل نے حال ہی میں لیومن سے ٹرانزٹ کو دوبارہ حاصل کیا ہے، لیکن ان نقصانات کے نتیجے میں پاکستان کی صلاحیت میں کمی واقع ہوگی‘۔

تاہم، ”گیڈ انسائیڈر“ سے بات کرتے ہوئے میڈوری نے نشاندہی کی کہ سب میرین کیبل کی خرابی جون میں ہوئی تھی ور اگر ملک میں انٹرنیٹ کے مسائل ’گزشتہ دو ہفتوں میں شروع ہوئے ہیں، تو اس کیبل کے نقصان کے علاوہ لوئی اور عنصر بھی شامل ہونا چاہیے۔‘

Submarine cable

Pakistan Telecommunication Authority (PTA)

slow internet in Pakistan