Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا معاملہ، ملازمین احتجاج کیلئے ڈی چوک روانہ

ملازمین کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے کنٹینرز رکھ کر ڈی چوک سیل کر دیا ہے
شائع 28 اگست 2024 03:56pm

حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے خلاف کارپوریشن کے ملازمین نے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز ہیڈ آفس کے سامنے سے ڈی چوک کی جانب مارچ شروع کردی۔

واضح رہے کہ سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے اسٹورز کی ممکنہ بندش کے خلاف احتجاج کی کال دی۔

ادھر احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ اب ان کا دھرنا ڈی چوک میں ہوگا۔ واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کا احتجاج آج تیسرا دن میں داخل ہوچکا ہے اور ان کا مطالبہ کہ کارپوریشن کی بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں 4,000 سے زیادہ اسٹورز چل رہے ہیں جن کا مقصد عوام کو کم نرخوں پر بنیادی اشیا فراہم کرتا ہے تاہم وقفے وقفے سے کارپوریشن میں وسیع پیمانے پر کرپشن کی خبریں بھی منظر عام پر آتی رہیں۔

ملازمین کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے کنٹینرز رکھ کر ڈی چوک سیل کر دیا ہے۔ پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ سری نگر ہائی وے پر آگئے اور ہائی وے پر ٹریفک کو بلاک کردیا۔

ملازمین کا موقف ہے کہ محکمے کو بند کرکے ملازمین کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ ملازمین نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان