Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فیکٹ چیک: گنڈا پور کی عمران خان سے 9 مئی واقعات پر معافی مانگنے والی ویڈیو کی حقیقت

ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہے
شائع 28 اگست 2024 02:46pm

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور سے متعلق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دعویٰ کیا جا رہا ہے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگنے کا مشورہ دیا۔

11 اگست کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے علی امین گنڈا پور کا 55 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا جس کے کیپشن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ میری غلطی ہے، اور میری غلطی تھی۔ میں کور کمانڈر ہاؤس پشاور گیا اور معافی مانگی۔

کیپشن میں مزید دعویٰ کرتے ہوئے مزید لکھا تھا کہ عمران خان کی بھی غلطیاں ہیں، انہیں اپنے غلطیوں کو تسلیم کرکے معافی مانگنی چاہئے۔

ساتھ میں یہ بھی لکھا گیا کہ خدیجہ شاہ، یاسمین راشد حماد اظہر سب کے ریکارڈنگ موجود ہیں یہ سب دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ معافی بڑی لوگ مانگتے ہیں۔

مذکورہ پوسٹ کو اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک تقریباً 88 ہزار بار دیکھا، 2 ہزار سے زائد دفعہ ری پوسٹ اور 8 ہزار سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا۔

یہ ویڈیو یہاں اور انسٹاگرام بھی شئیر کی گئی۔

حقیقت کیا ہے؟

ویڈیو کی حقیقت سامنے آئی جس سے معلوم ہوا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے کی طرف سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے کلپس کو جوڑ توڑ (Edit) کرکے غلط انداز میں دکھانے کی کوشش کی گیہ کہ علی امین گنڈا پور عمران خان سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کا الزام لگا رہے ہیں مگر ایسا نہیں ہے۔

3 اگست کو راولپنڈی کی سینٹرل جیل کے باہر علی امین گنڈا پور کی 19 منٹ کی پوری پریس ٹاک کا جائزہ لیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی پارٹی 9 مئی کے فسادات کے لیے عوام سے معافی مانگے گی، جس پر انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی غلطی ثابت ہو گئی تو وہ معافی مانگیں گے۔

ان کے بالکل درست الفاظ یہ تھے کہ میں نے بڑا کلیئرلی (clearly) کہا تھا کہ ٹھیک ہے میں معافی مانگنے کو تیار ہوں لیکن پہلے میری غلطی ثابت کی جائے لیکن اگر میری غلطی نہیں ہے اور غلطی کسی اور کی ہے تو مجھ سے معافی کون مانگے گا؟ جس کا اصل ویڈیو کلپ یہ تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کے الفاظ کو ان کی گفتگو کے مختلف حصوں جوڑ توڑ کر پیش کیا گیا تاکہ ایک گمراہ کن بیانیہ بنایا جا سکے۔

imran khan

Ali Amin Gandapur

Fact Check

apology for protest

Edited video