Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

وزیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا

صدر مملکت، وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کی موسیٰ خیل واقعے کی شدید مذمت
شائع 26 اگست 2024 12:14pm

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنے کے دہشت گرانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ وزیراعظم نے سانحہ موسیٰ خیل کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنے کے دہشت گرانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رورپٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشت گرد حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی اور شہداء کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین سے مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی قطعاً قبول نہیں، موسیٰ خیل واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو سزائیں دی جائیں گی۔

بلوچستان: موسٰی خیل میں ٹرکوں، بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد قتل

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

صدر مملکت آصف زرداری

صدر مملکت آصف زرداری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گرد ملک و قوم اورانسانیت کے دُشمن ہیں، معصوم شہریوں کےقتل میں ملوث دہشت گردوں کوکیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

آصف زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعےپردکھ کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کونشانہ بناکربربریت دکھائی، سفاکیت اور ظلم کی انتہاکی گئی، دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، دہشت گردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کےساتھ زندگی کے ہرطبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

نوشکی: نامعلوم افراد کا تھانے پر حملہ، اہلکاروں کو یرغمال بنا کر اسلحہ اور گاڑی لے گئے

اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ دہشت گردی کی کارروائی انتہائی شرمناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے نہتے لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قتل کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی مذمت

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی موسی خیل میں بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

بلوچستان

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Terrorism in Pakistan

President Asif Ali Zardari

musakhel

musa khel