Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سندھ کے تاجروں کا صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان، بلوچستان کے تاجر بھی شامل ہوگئے

معیشت کو بچانے کے لیے 28 اگست کو سندھ میں کاروبار بند رہے گا، صدر مرکزی انجمن تاجران کاشف چوہدری
اپ ڈیٹ 25 اگست 2024 06:01pm

سندھ تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے 28 اگست کو سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جبکہ بلوچستان کے تاجر رہنماؤں نے ہڑتال میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خائن اور غاصب نکلے وہ عوام کا سکھ نہیں چاہتے، بھوک سے مرنے والوں کے لیے ریلیف کے بجائے اناج پر ٹیکس لگا دیا گیا، بجلی کے بلوں سے خودکشیاں کرتے وقت بجلی مہنگی کردی گئی۔

عتیق میر نے کہا کہ کاروبار مشکل نہیں بحران کا شکار ہے، حکمرانوں نے اپنی عیاشیاں بند نہیں کیں ہماری مشکلات بڑھا دیں، پر طبقہ مشکلات کا شکار ہے، اسکول کی کتابوں تک پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے، حکمران ملک کو برباد کرنے کے ایجنڈے پر آئے ہیں، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے حالات سامنے ہیں، ہماری پوری زندگی مشکلات سے بھری ہے، عوام میں نفرت اور غصہ بڑھ رہا ہے۔

مرکزی انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ صدر سے کیماڑی تک بازاروں کا دورہ کیا ہے، معیشت کو بچانے کے لیے 28 اگست کو سندھ میں کاروبار بند رہے گا، یہ ہڑتال پاکستان کے تاجر اپنے کاروبار کو بچانے کے لیے کر رہے ہیں، ہڑتال چاہیں بھی تو اب روک نہیں سکتے، یہ ہڑتال مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے چالیس چوروں کے خلاف ہے، ہڑتال 2800 ارب روپے کی ادائیگیوں اور بجلی پر 13 ٹیکسوں کے خلاف ہے، قوم کا کوئی فرد اتنی مہنگی بجلی کا بل ادا نہیں کرسکتا، تاجر اپنے اثاثے فروخت کرکے بل ادا کررہے ہیں، مہنگے بلوں سے صنعتیں بند ہورہی ہیں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

اس موقع پر بلوچستان کے تاجر رہنماؤں نے ہڑتال میں شرکت کا اعلان کردیا۔

اس معاملے پر حکومت کی تاجر دوست اسکیم کے کوآرڈینیٹر نعیم میر کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے تاجر نمائندوں کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے، تاجر رہنماوں کو وفد سمیت 27 اگست کو 3 بجے سہ پہر ایف بی آر اسلام آباد مدعو کیا ہے، جہاں تاجر دوست اسکیم کے ترمیمی ایس آر او پر مشاورت ہوگی۔

نعیم میر نے کہا کہ امید ہے تاجر رہنما مثبت جواب دیں گے، ہم تمام مسائل کو مل جل کر حل کرنے کے خواہاں ہیں، ملک ہڑتال اور احتجاج کا متحمل نہیں، تاجروں کے تمام جائز مطالبات پورے کریں گے۔

sindh

Strike

Businessmen Strike