Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری

دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے آر او کو درخواست دینا لازم ہے، عدالتی فیصلہ
شائع 25 اگست 2024 03:35pm

سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جبکہ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے آر او کو درخواست دینا لازم ہے۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، یہ فیصلہ جسٹس نعیم اختر افغان نے تحریر کیا۔

فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ دوبارہ گنتی کے لیے نتائج مرتب ہونے سے پہلے ریٹرننگ افسر (آر او) کو درخواست دینا لازم ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نہیں دکھا سکے کہ انہوں نے بروقت ایسی کوئی درخواست دی، این اے 97 کا کیس 12 اگست کو 3 حلقوں پر سنائے گئے کیس سے مختلف ہے۔

این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی: پی ٹی آئی امیدوار کی التوا کی استدعا منظور

عدالت نے قرار دیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کورٹ آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی میں دیا گیا فیصلہ بحال کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 میں مختلف پولنگ سٹیشنز کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی اپیلیں منظور کر لیں، مذکورہ حلقوں میں دوبارہ گنتی میں کامیاب لیگی ارکان بحال ہوگئے تاہم عدالت کا کہنا ہے کہ این اے 97 کا کیس 12 اگست کو تین حلقوں پر سنائے گئے کیس سے مختلف ہے۔

Supreme Court

اسلام آباد

vote counting

Election 2024

na 97 faisalabad

vote recounting