Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش

سندھ میں آج سے 31 اگست کے دوران سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

مون سون کا طوفانی اسپیل کراچی پہنچ گیا، گزشتہ رات سے شہر کے مختلف علاقوں شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا لیکن صبح سویرے تیز بارش ہوئی جبکہ متعدد علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا سلسلہ 29 اگست تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے طوفانی اسپیل کی پیش گوئی کی تھی۔ طاقتور مون سون سسٹم آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان کی پیش گوئی کی گئی تھی ، جس کے سبب کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی میں طاقتور مون سون سسٹم کی انٹری ہوگئی، صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

مون سون اسپیل کے زیر اثر صدر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد،ملیر، گلشن حدید اور بن قاسم میں تیز بارش ہوئی، رات گئے، اسکیم 33 ، گلشن معمار، نارتھ کراچی، سرجانی میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔

بارش کے باعث اسکولوں میں بچوں کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اسکول کا تدریسی عملہ بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

اسٹیڈیم روڈ پر متعدد درخت سڑک پر گر گئے

کراچی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث اسٹیڈیم روڈ سے نیو ٹاؤن جانے والی شارع پر متعدد درخت سڑک پر گر گئے۔

درخت گرنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

رات گئے تک متعلقہ حکام کی جانب سے گرنے والے درختوں کو سڑک سے ہٹانے کا کوئی کام دیکھنے میں نہیں آیا جبکہ مختلف علاقوں میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران پان کے کیبن الٹ گئے جبکہ ٹین کی چھتوں سمیت دیگر اشیا اڑ کر سڑکوں پر جا گری۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ناظم آباد پاپوش میں 26، سرجانی میں 25.4، صدر میں 13، گلشن معمار میں 12.4، شاہراہ فیصل میں 12، جناح ٹرمینل میں 6 اور ماڑی پورمیں 5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 300 فیڈر ٹرپ کرگئے جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں بجلی تعطل سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

کراچی میں طاقتور مون سون سسٹم کے زیر اثر بارشوں کا سلسلہ 27 سے 31 اگست تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز میٹرولوجسٹ سرفراز احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا تھا کہ کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے، 28 سے 30 اگست کے دوران ہونے والی بارش سے شہر میں اربن فلڈ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

سندھ بھر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش

ادھر سندھ بھر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، حیدرآباد، جامشورو، بدین، مٹیاری، سانگھڑ، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی بارش ہوئی، تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 30 مویشی مرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا تمام اداروں کو فوری تیار رہنے کا حکم

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کو کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری ایکشن کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب حیدرآباد، ٹھٹہ، مٹیاری، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ، میرپور خاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

ہالہ، نیو سعیدآباد، بھٹ شاہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کا پانی گھروں دکانوں میں داخل ہوگیا، بارش اور آندھی سے درخت اور بجلی کے پول بھی گرگئے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ وسطی بھارت پر موجود طاقتور ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرگیا، سسٹم ڈپریشن کی صورت میں مدھیہ پردیش میں موجود ہے، یہ سسٹم آج رات یا کل صبح مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے زیر اثر مون سون ہوائیں شدت سے سندھ میں داخل ہوسکتی ہیں، آج رات سے 31 اگست کے دوران سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 26 سے 29 اگست کے دوران سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

ملک میں بارش کے نئے اور طاقتور اسپیل کی آج سے انٹری، 29 اگست تک جاری رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، سمندر میں اس دوران طغیانی رہے گی لہٰذاماہی گیر اس دوران محتاط رہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو 27 سے 30 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

پنجاب میں مون سون بارشوں کا اسپیل 29 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں مون سون بارشوں کا اسپیل 29 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے اور یہ اسپیل 29 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

پنجاب سے گزرنے والے دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے جبکہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی صورتحال معمول کے مطابق ہے تاہم آئندہ چند روز تک ہل ٹورنٹس میں سیلابی وارننگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ الرٹ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 73 فیصد اور تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے۔ جبکہ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 50 فیصد تک ہے۔

بھارت میں بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 57 فیصد، پونگ ڈیم میں 60 فیصد اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 30 فیصد تک ہے۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں آج سے 29 اگست تک مون سون بارشیں

دوسری جانب سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں آج سے 29 اگست تک مون سون بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا طاقتور سلسلہ پنجاب میں داخل ہوگا۔

حکام کے مطابق لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، بڑے شہروں کی انتظامیہ بھی ہائی الرٹ رہے۔

کراچی میں آج بھی بوندا باندی کا امکان، دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام میں بارش متوقع ہے جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ میں بھی بادل برسیں گے۔

اس کے علاوہ مہمند، خیبر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو اور کرم میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چراٹ میں 4، دیر میں 2 اور کالام میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کا ایک مضبوط سسٹم بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 4 روز تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع آواران، لسبیلہ، حب، خضدار، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، بارکھان، موسی خیل، ہرنائی، کچھی، زیارت، جھل مگسی، نصیر آباد کے علاقوں میں آج شام ہوا کے کم دباو کے زیر اثر آنے سے تیز ہواؤں کے بارش کے باعث اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

سبی، صحبت پور، جعفرآباد، اوستا محمد اور گردونواح میں رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج شام سے جنوبی اور مشرقی بلوچستان میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے اور متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جولائی سے اب تک مون سون بارشوں کے باعث اب تک سیلابی ریلے آنے اور ملبے تلے دب جانے سے 12 بچوں سمیت 23 افراد جاں جبکہ 11 بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔

بارشوں سے 784 گھروں کو نقصان ہوا، جن میں سے 158 گھر مکمل منہدم اور 626 کو جزوی نقصان پہنچا، بارشوں سے 5 ہزار 465 افراد متاثرہ ہوئے۔

طوفانی بارشوں سے 102 ایکڑ رقبے پر کاشت فصلیں تباہ اور 35 کلو میٹر سڑکیں متاثر اور ہوئیں اور ایک ہیلتھ سینٹر کو بھی نقصان پہنچا جبکہ بارشوں سے 7 پلوں کوبھی نقصان پہنچا بارشوں کےدوران 131 مویشی ہلاک ہوئے۔

karachi

Met Office

Karachi Rain

heavy rains

rainy weather

Rain prediction

HEAVY RAINS EXPECTED