Aaj News

بدھ, ستمبر 18, 2024  
13 Rabi ul Awal 1446  

پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ ہونے پر علیمہ خان پارٹی قیادت پر پھٹ پڑیں

پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ ہونے پر علیمہ خان کا ردعمل سامنے آگیا
شائع 22 اگست 2024 03:20pm

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ترنول میں جلسہ ملتوی ہونے پر پارٹی قیادت پر پھٹ پڑیں اور کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کا بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں، اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح اڈیالہ جیل گئے؟ کس کے کہنے پران لوگوں نے جلسہ ملتوی کرایا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا ردعمل سامنے آگیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے؟ انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جسلہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا۔

علیمہ خان نے سوال کیا کہ صبح ساڑھے 7 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہوسکتی ہے؟ اور کس کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ لیڈر شپ میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈرشپ کا عمران خان کو باہر نکالنے کا ارادہ ہی نہیں ہے، پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے، اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا۔

علیمہ خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ فیصلےخود کرتے ہیں اور نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کا لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا جس کے بارے میں پہلے سے نوٹیفائی ہوچکا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماع منعقد کرسکتی ہے، جلسے کے لیے 40 نکاتی شرائط سے بھی پی ٹی آئی کو آگاہ کردیا گیا۔

اسلام آباد

imran khan

Aleema Khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa islamabad