Aaj News

بدھ, ستمبر 18, 2024  
13 Rabi ul Awal 1446  

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر کا شکار

گراؤنڈ خشک کرنے کا کام جاری ہے جبکہ امپائرز 11 بجے دوبارہ میدان کا معائنہ کریں گے
شائع 21 اگست 2024 10:30am

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا تاہم گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جانا ہے تاہم خراب موسم کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہے، راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب ابھی تک ٹاس بھی نہ ہوسکا، گراؤنڈ خشک کرنے کا کام جاری ہے جبکہ امپائرز 11 بجے دوبارہ میدان کا معائنہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز مزید ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

قبل ازیں، دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچیں، ٹیموں کو ہوٹلز سے اسٹیڈیم تک آمد کے دوران شاہراہ پر ٹریفک نہیں تھی جبکہ کڑی سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: سستے ٹکٹ کہاں سے اور کیسے مل سکتے ہیں؟

ٹیموں کی موومنٹ کے دوران راولپنڈی سے آئی جے پی راولپنڈی سیکشن پر میڑو بس سروس بھی مکمل بند رکھی گئی۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشن حافظ کامران اصغر خود سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے، اس نے چیمپئن شپ میں دو سیریز کھیلی ہیں، سری لنکا کے خلاف اس نے 2 صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے 3 صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان اس سیزن میں 9 ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو 99-1998 کے بعد سے اس کا مصروف ترین ٹیسٹ سیزن ہے، ان میں سے 7 ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں بنگلہ دیش کے خلاف دو اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین اور اگلے سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی اس سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پہلی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے، یہ شان مسعود کا بطور کپتان ہوم سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہو گا جس سے ٹیم کے لیے ریڈ بال کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان ٹیم میں شان مسعود (کپتان) بابر اعظم، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن شامل ہیں۔

ہمارے پاس مضبوط فاسٹ بولنگ اٹیک ہے، مخالف ٹیم کوکمزور نہیں سمجھتے، شان مسعود

میچ آفیشلز

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں ایڈرین ہولڈ سٹوک اور رچرڈ کیٹلبرو ( آن فیلڈ امپائرز) مائیکل گف (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری) ہیں۔

rawalpindi

test series

Pakistan vs bangladesh

PAK vs BAN

rawalpindi rain

match delay