Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

راولپنڈی ٹیسٹ میں موسم کیسا رہے گا، بڑی خبر آگئی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کتنے میچز کھیلے گئے اور کس کا پلڑا بھاری رہا
شائع 20 اگست 2024 03:32pm

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست (کل) سے شروع ہوگا تاہم اس میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ویدر رپورٹ کے مطابق روالپنڈی ٹیسٹ میچ میں صبح کے وقت کچھ علاقوں میں تیز آندھی سے کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جس کے 40 فیصد امکانات ہیں جبکہ ہوا میں 85 فیصد سے زائد نمی ہوگی۔

دوپہر میں ٹیسٹ کرکٹ کے لحاظ سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے اور درجہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ بارش کا امکان محض 7 فیصد ہوگا جبکہ ہوا میں نمی بھی نمایاں حد تک کم ہوگی۔

اسی طرح شام کے اوقات کار میں موسم 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ 73 فیصد تک نمی بڑھ جائے گی تاہم بارش کی توقع نہیں۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میچ کے پانچوں دن یعنی 21 سے 25 اگست تک بارش کا امکان ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی

دوسری جانب پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔

دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ راولپنڈی اسٹیڈیم اور دامنِ کوہ میں ٹرافی کے ہمراہ تصویر بنوائی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کے لیے میچ جیتے، ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہمارے بولرز بیس وکٹیں لینے اور ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہوم گراؤنڈ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کپتانی کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔

دوسری جانب بنگلادیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں بڑی صلاحیت ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔ بنگلہ دیش اے اور شاہینز کے درمیان سیریز نے ہمارے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ لگانے میں مدد کی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کتنے میچز کھیلے گئے

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں 13 ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جہاں قومی ٹیم کو واضح برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے 12 ٹیسٹ میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔

پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس نے چیمپئن شپ میں دو سیریز کھیلی ہیں سری لنکا کے خلاف اس نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان اس سیزن میں نو ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو 1998-99 کے بعد سے اس کا مصروف ترین ٹیسٹ سیزن ہے۔ ان میں سے سات ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں بنگلہ دیش کے خلاف دو اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف 3 اور اگلے سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ شامل ہیں۔ 2 ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہیں جو دسمبر/جنوری میں جنوبی افریقا میں کھیلے جائیں گے۔

rawalpindi

test series

Pakistan vs bangladesh

PAK vs BAN