فیکٹ چیک: جعلی ڈرائیونگ لائسنس فروخت کرنے والی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ
حکومت کے متعدد محکمے ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کو ان کے دروازے پر سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ نے تیزی سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا جس کے باعث شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے نام پر بنائی گئی جعلی ویب سائٹ کے دھوکے سے بچ گئے۔
جی بالکل! یہ بات درست ہے۔ فیکٹ چیک کے ذریعے اس دعویٰ کی تصدیق ہوتی ہے۔ 7 اگست کو سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر صارف نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک ویب پیج کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے اپنے شناختی کارڈ نمبر درج کریں۔
پوسٹ میں ویب سائٹ https://dlims-itp.com/ کا لنک شامل تھا۔ صارف نے کہا کہ یہ لائسنس بیچنے کے لیے بنائی گئی جعلی ویب سائٹ ہے۔
بعدازاں اسلام آباد پولیس کے دو عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ ویب سائٹ فراڈ ہے۔ اسلام آباد پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر تقی جواد نے تصدیق کی کہ ویب سائٹ کا اسلام آباد پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس جعلی ویب سائٹ کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، ہمارا سائبر کرائم ونگ اسے ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب انسپکٹر عبدالرشید نے بتایا کہ پولیس نے جعلی سائٹ کے انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی) ایڈریس کو ٹریس کر لیا ہے اور سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کو شکایت جمع کرائی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی آفیشل ویب سائٹ درحقیقت یہ ہے: https://islamabadpolice.gov.pk/
فیکٹ چیک پر مزید یہ بات سامنے آئی کہ جعلی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر موجود کوئی بھی لنک بشمول About,“ ”Services“ اور ”contact“ فعال نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سائٹ مستند نہیں ہے۔
Comments are closed on this story.