Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں آج بھی بادل برسنے کا امکان، ملک کے کن کن شہروں میں موسلادھار بارش ہوگی

پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شہر کا موسم خوشگوار ہے جبکہ مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی ہے۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں لانڈھی، قائد آباد، ملیر ہالٹ، رفاہِ عام، ڈیفنس، کورنگی اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، شہرِ قائد میں بارش برسانے والا سسٹم اب بھی موجود ہے۔

ملک بھر میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا اور دن میں تیز ہوائیں چلیں گی، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں جنوب مغربی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 28 نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 65 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد

ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بادل برسیں گے۔

سندھ اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش ہوگی۔

شدید بارشوں سے گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاورکے نشیبی علا قے زیرآب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 25 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

سندھ

محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بعض اضلاع میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا ایک سلسلہ بلوچستان کے شمال وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، شکارپور۔ لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، نوشہرہ فیروز، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، عمرکوٹ۔ سانگھڑ، جامشورو اور دادو میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال 19 اگست تک برقرار رہے گی، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، میاری، ٹنڈ اور محمد خان، کنڈ اور امیار، سجاول کے اضلاع میں 19 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کراچی میں آندھی کا امکان ہے۔

ملک میں نئے مون سون اسپیل کی انٹری، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی کی وجہ سے کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرسکتی ہیں جبکہ بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں جاری رکھیں جبکہ متعلقہ حکام کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔

بلوچستان

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیرآباد، جعفرآباد، آواران، لسبیلہ، بارکھان، زیارت اور شیرانی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک جبکہ بعض مقامات پر موسلادھاربارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32، خضدار میں 34 اور قلات میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ژوب میں درجہ حرارت 33، بارکھان میں 32، سبی میں 38، تربت میں 34، نوکنڈی میں 45، دالنبدین میں 44، گوادر میں 33 اور جیونی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی

اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے امکانات کم ہیں۔

پی ڈی ایم اے

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم نے کمشنرز و ڈی سیز کو ممکنہ فلیش فلڈنگ بارے الرٹ کردیا، جس کے مطابق جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہ سلیمان میں بارشوں کے باعث رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال ہے، راجن پور کالا بھگا رود کوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں۔

ڈی جی عرفان علی کہتے ہیں کہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا ڈیم میں 99 فیصد ہے۔

karachi

اسلام آباد

Karachi Rain

monsoon rains

moon soon

heavy rains

rainy weather

Rain in Pakistan

moon soon rain

HEAVY RAINS EXPECTED