Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

منکی پاکس کے متاثرین کیلئے اسپتال مختص کردئے گئے

منکی پاکس کے متاثرین کونسے اسپتال جاسکتے ہیں؟
اپ ڈیٹ 17 اگست 2024 06:07pm

حکومت پنجاب نے منکی پاکس کے خطرات کے پیش نظر اقدامات کرتے ہوئے پنجاب کے چھ اسپتال منکی پاکس کے علاج کیلئے مختص کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے کراچی میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئےہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے مختص کئے گئے اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا ہے، جس کے مطابق لاہور آنے والے مریضوں کو جنرل اسپتال میں طبی امداد دی جائے گی، راولپنڈی کا بینظیر بھٹو اسپتال اور فیصل آباد کا الائیڈ اسپتال منکی پاکس کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

سیالکوٹ میں علامہ اقبال اسپتال اور ملتان میں نشتر اسپتال مختص کئے گئے ہیں، بہاولپور میں بہاول وکٹوریا اسپتال میں منکی پاکس کا علاج ہوگا۔

اسپتالوں میں مشتبہ مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، ہراسپتال کو منکی پاکس کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

کسی میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوں تو وہ قرنطینہ کرلے، ڈاکٹر مختار ملک

کراچی میں بھی خصوصی انتظامات

ملک کے مختلف شہروں میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی میں بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر سرکاری اسپتالوں میں منکی پاکس کے مریضوں کے لئے وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔

عباسی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال کہتے ہیں ہم نے آٹھ سے بارہ بستروں پر مشتمل منکی پاکس کیلئے وارڈ تیار کیا ہے۔

اس کے علاوہ سندھ انفکشز ڈیزیزاسپتال نیپا میں منکی پاکس کے مریضوں کےلیےآئسولیشن وارڈ تیار کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر واحد کا کہنا ہے کہ 10بیڈڈ آئی سی یو، منکی پاکس کےمریضوں کے لیےمختص کردیا ہے، عملے کے لیے پی پی ای کٹس سمیت ماسک بھی فراہم کردیے گئے ہیں، اسپتال میں مریضوں کے علاج کے لیے تمام سہولیات دستیاب ہیں۔

منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ، محکمہ صحت سندھ کے خصوصی انتظامات

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے لیے محکمہ صحت سندھ نے ایئرپورٹ پر اپنی ٹیم تعینات کر دی ہے۔

فوکل پرسن منکی پاکس حکومت سندھ ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ جاری ہے، کراچی ایئرپورٹ پر تاحال کوئی مشتبہ منکی پاکس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، ایئرپورٹ پر اسکریننگ کی براہ راست محکمہ صحت سندھ نگرانی کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیکرٹری ہیلتھ کی ہدایت پر ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی ائیر پورٹ پر تعینات کردیا گیا ہے، دو ایمبولینس سمیت 150 سے زائد تشخیصی کٹس عملہ کو فراہم کی گئی ہیں، اگر کسی شخص میں مرض کا شبہ ہوا تو اسکے ٹیسٹ کرنے کے بعد نیپا اسپتال میں قرنطینہ کرنے کی ہدایات ہیں، نیپا اسپتال میں مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈ تیارہے۔

Monkey Pox

Monkey Pox cases In Pakistan